قصور واقعے سے عوام کو بہت دکھ ہوا ہے، زینب قتل کے دلخراش واقعہ نے لوگ کو متحد کر دیا ہے، معصوم زینب کا قتل بڑا سانحہ ہے جس سے قوم کو تکلیف ہوئی اور اس واقعہ نے قوم کو یک زبان کر دیا ہے

اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین اور رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کاتعزیتی ریفرنس سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2018 16:54

بریڈفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) قصور واقعے سے عوام کو بہت دکھ ہوا ہے، زینب قتل کے دلخراش واقعہ نے لوگ کو متحد کر دیا ہے، معصوم زینب کا قتل بڑا سانحہ ہے جس سے قوم کو تکلیف ہوئی اور اس واقعہ نے قوم کو یک زبان کر دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن اور پنجاب حکومت بچیوں سے زیادتی کے واقعات روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے لوگوں کا پنجاب حکومت اور پولیس سے اعتماد اٹھا چکا ہے، اس لئے متاثرہ خاندان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف مانگا ہے۔

زینب کے قاتل گرفتار نہ ہونا مسلم لیگ ن کی نااہلی ہے۔ حکومت فوری طورپر مستعفی ہوجائے۔ زینب جیسے واقعات کو یاد رکھنے کے لئے پارلیمنٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کروں گی۔ حکومت پاکستان ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین اور ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے بریڈ فورڈ میں سابق میڈیا ایڈوائزر خالد خالق کی طرف سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ زینب کو جس بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور قاتل کا اب تک گرفتار نہ ہونا مسلم لیگ حکومت کی بہت بڑی نااہلی ہے۔ حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی لہٰذا فوری طورپر مستعفی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن اور زینب کے قاتل کی گرفتاری تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔

ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ حکومت پاکستان زینب جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔ اس واقعہ کو یاد رکھنے ے لئے برطانوی پارلیمنٹ میںدعائیہ تقریب کا انعقاد کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی دوسرے ملک کے قانون میں دخل اندازی نہیں کرسکتے مگر حکومت پاکستان اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کرے۔ ناز شاہ نے کہا کہ وہ چوہدری محمد یاسین کی بھی مشکور ہیں اور جس طرح انہوں نے ان کا پاکستان میں استقبال کیا وہ اس کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

اس موقع پر سابق میڈیا ایڈوائزر خالد خالق، پیپلزپارٹی یارکشائر کے صدر چوہدری صغیر احمد پوٹھی، کونسلر عمران حسین، کونسلر سرفراز احمد، ابرار حسین، حاجی سلیم اقبال، کونسلر ارشد حسین اور دیگر نے بھی زینب واقعہ کی بھرپور مذمت کی۔ بعد ازاں چوہدری محمد یاسین نے سابق میڈیا ایڈوائزر خالد خالق کے کزن کی وفات پر ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں