حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں، ملک اعجاز احمد خان

منگل 12 دسمبر 2017 11:42

قصور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل قصورملک اعجاز احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں‘ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں ‘پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ‘شعبہ صحت میں حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال قصورمیں محکمہ ہیلتھ کے زیر اہتمام ہیلتھ کنونشن 2017ء کے سلسلہ میں ’’ہیلتھ اور حکومت پنجاب ‘‘کے موضوع پر منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف‘ قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر لائیک احمد ‘تعلیمی اداروں کے سربراہان ‘اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلباء و طالبات نے ہیلتھ کنونشن 2017ء کے سلسلہ میں منعقدہ تقریری مقابلے میں حصہ لیا اور پنجاب حکومت کے ہیلتھ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی۔ سینئر وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم انہیں ذمہ دار شہری بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ عام آدمی کو اپنے گھر کی دہلیز پر صحت کی جدید ترین طبی سہولیات میسر آئیں، یہی وجہ ہے کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ریویپنگ اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ تقریب کے آخر پر سینئر وائس چیئرمین ملک اعجاز احمد خان نے تقریری مقابلہ میں اول پوزیشن حاصل کرنیوالی پنجاب کالج الہ آباد کی طالبہ کنزہ ‘دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالے گورنمنٹ ڈگری کالج قصور کے طالبعلم اشتیاق احمد اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی گورنمنٹ ڈگری کالج پھولنگر کی طالبہ آمنہ شفاقت میں انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں