تین روزہ سالانہ بین الاقوامی بلھے شاہ میڈیکل کانفرنس 19دسمبر 2019سے قصور میں شروع ہوگی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:14

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) تین روزہ سالانہ بین الاقوامی بلھے شاہ میڈیکل کانفرنس 19دسمبر 2019سے قصور میں شروع ہوگی ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کانفرنس کا افتتاح کرینگے جبکہ کانفرنس میں صوبائی وزراء ،پاکستان اور غیر ممالک سے ماہرین صحت ، ریسرچرز اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد شرکت کریگی ۔ تفصیلات کے مطابق تیسری سالانہ انٹر نیشنل بلھے شاہ میڈیکل کانفرنس رائل کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز گلاسکو اور پی ایم اے قصور کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے ۔

کانفرنس کا مقصد ڈاکٹر حضرات کو جدید طبی تحقیقات سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ کانفرنس آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر شفیق احمد شیخ کے مطابق کانفرنس کے مقاصد سے بھرپور استفادہ کیلئے PMACONقصور کے تحت تحصیل لیول پر ایک ایک روزہ پری سیشن کروائے جائینگے یہ پری سیشن کانفرنس کے مقاصد کو سمجھنے اور کانفرنس میں ڈاکٹرز کی دلچسپی کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہونگے جس کیلئے کمیٹی کے تمام عہدیداران ضلع اور تحصیل کی سطح ُپر فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس انٹر نیشنل میڈیکل کانفرنس کے اہم نکات اور اہداف پر آئندہ چند روز میں عہدیداران کی موجودگی میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائیگا جس میں بلھے شاہ انٹر نیشنل میڈیکل کانفرنس کی افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی جائیگی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں