ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کے زیر صدارت گندم خریداری مہم اور باردانہ کی تقسیم کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اجلاس

�زار میٹرک ٹن گندم 1300روپے فی من کے حساب سے خریدی جائیگی ‘ضلع میں 14سینٹر قائم کر دیئے گئے ہیں ‘بریفنگ گندم خریداری سینٹرز پرزمینداروں کو تمام سہولیات دی جائیگی اور باردانہ کی تقسیم صرف میرٹ پر ہو گی‘ ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

ہفتہ 15 اپریل 2017 18:09

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت گندم خریداری مہم 2017ء اور باردانہ کی تقسیم کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن محمد سیف اللہ ‘ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خان ‘سینٹر کوارڈینیٹرز اوردیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے گندم خریداری اور باردانہ کی تقسیم کے حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ رواں سال 95ہزار میٹرک ٹن گندم سرکاری ریٹ 1300روپے فی من کے حساب سے خریدی جائیگی ۔ اس مقصد کیلئے ضلع بھر میں مجموعی طور پر14گندم خریداری سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں قصور‘کھڈیاں ‘عثمانوالہ ‘چونیاں ‘پتوکی ‘حبیب آباد ‘بیدیاں ‘تلونڈی‘الہ آباد ‘شام کوٹ ‘کنگن پور ‘سرائے مغل ‘پھولنگر اور کوٹ رادھا کشن شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ فی بور ی 100کلو گرام کے ڈلیوری چارجز 9روپے کے حساب سے کاشتکاران کو دئیے جائینگے اور حکومتی پالیسی کے مطابق کاشتکار کو فی ایکٹر10بوری باردانہ دیا جائیگا اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی پالیسی کیمطابق بار دانہ جاری کیا جائیگا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع بھر میں گندم خریداری سنٹرز پر کسانوں کی کاشت کے مطابق فہرستیں چسپاں کر دی گئی ہیںاور اگر کسی کاشتکار کو کوئی شکایت ہو تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کریں ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا کہ گندم خریداری سینٹرز پرزمینداروں کو تمام سہولیات دی جائیگی اور ضلع بھر سے گندم خریداری ہدف ہر صورت ممکن بنایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم میرٹ پر ہو گی اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اور کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی اورانہیں انکی محنت کا پورا معاوضہ دیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کے گندم خریداری کیلئے باردانہ اور دیگر اعتراضات کے حل کیلئے مقامی پارلیمنٹرین اورکسان تنظیموں کی مشاورت سے ضلع، تحصیل اور سینٹر کی سطح پر مصالحتی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں اسی طرح گندم خریداری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل لیول پر خریداری گندم کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو خریداری گندم کے تمام انتظامات کی نگرانی کرینگی ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی کے ہمراہ گندم خریداری سنٹر بیدیاں کا دورہ کیا اور وہاں پر تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں