سپیکر و سینئر وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل کا اجلاس ‘50کروڑ 40لاکھ روپے کی ڈویلپمنٹ سکیموں کی متفقہ طور پر منظوری

تمام ممبران ضلع کونسل کے حقوق کا تحفظ اور ممبران میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی ‘چیئر مین رانا سکندر حیات خاں

منگل 8 اگست 2017 18:05

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2017ء) سپیکر و سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد ‘ضلعی افسران ‘ممبران ضلع کونسل اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد کے والد سردار شعیب مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

اجلاس میں 50کروڑ 40لاکھ روپے کی ڈویلپمنٹ سکیموں کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ تمام ممبران ضلع کونسل کے حقوق کا تحفظ اور ممبران میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی ۔

(جاری ہے)

معزز ممبران کی جانب سے دی گئی ڈویلپمنٹ سکیموں کو بلا تفریق منظور کر کے نئی مثال قائم کی گئی ہے ۔

ڈویلپمنٹ سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔اپوزیشن اراکین کی جانب سے اعتماد اور تعاون پر شکر گزار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سال 2017-18کیلئے معزز ممبران کی جانب سے مجموعی طور پر 50کروڑ 40لاکھ روپے کی ڈویلپمنٹ سکیموں کی آج متفقہ طور پر منظوری دی گئی ہے جن میں چیئر مین یونین کونسلز کی 45کروڑ 70لاکھ ‘خواتین ‘ٹیکنو کریٹ ‘کسان ‘یوتھ اور اقلیتی ممبران کی 3کروڑ 60لاکھ روپے اور ڈسٹرکٹ کونسل کی 1کروڑ 10لاکھ روپے کی سکیمیں شامل ہیں ۔

انہوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ رواں ماہ کے وسط تک ان سکیموں کے ٹینڈرز دیئے جائینگے اور ماہ ستمبر کے دوران ان سکیموں پر باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ اس موقع پر سپیکر ملک اعجاز احمد خاں نے بتایا کہ ممبران ضلع کونسل کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں خصوصی کائونٹر بنا دیئے گئے ہیں جہاں وہ علاج معالجہ کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں ۔

اجلاس میں مختلف ممبران کی جانب سے یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی ‘خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے سلائی سینٹر زکا قیام ‘بیوہ خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم ‘نوجوانوں کیلئے کرکٹ کٹس اور دیگر سامان کی تقسیم ‘جوہڑوں کی صفائی سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی پر چیئر مین کی جانب سے انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ بعدازاں سپیکر ملک اعجاز احمد خاں نے غیر معینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں