چیئر مین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جسٹس (ر) علی نواز چوہان کا قصور کا دورہ ‘ضلعی انتظامیہ ‘سول سوسائٹی اور صحافیوں سے ملاقات

قصور میں بچوں کیساتھ ہونیوالے واقعات پر تشویش کا اظہار ‘پولیس اور دیگر اداروں کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت ‘زیر سماعت کیسز کی موثر پیروی کی جائے سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ‘جسٹس (ر) علی نواز چوہان

پیر 2 اکتوبر 2017 19:51

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2017ء) چیئر مین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جسٹس (ر) علی نواز چوہان کا قصور کا دورہ ‘ضلعی انتظامیہ ‘سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان سے ملاقات ‘قصور میں بچوں کیساتھ ہونیوالے واقعات پر تشویش کا اظہار ‘پولیس اور دیگر اداروں کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام الناس ‘والدین اوراساتذہ کے کردار کو مزید بہتر بنانے اور بچوں میں اپنے تحفظ کا احساس پیدا کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانے کی ہدایت ‘زیر سماعت کیسز کی موثر پیروی کی جائے سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذوالفقار احمد نے قصور میں بچوں کیساتھ ہونیوالے واقعات بارے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس آفتاب عالم ‘ڈائریکٹر سید خضر علی شاہ ‘ممبر ز این سی ایچ آر اسحاق مسیح ناز ‘کشور شاہین اعوان‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ضلعی و پولیس افسران بھی موجود تھے ۔

چیئر مین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے اس موقع پر کہا کہ قصور میں انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بہت سے مسائل ہیں لیکن ان مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو ملکر کوشش کرنا ہوگی ۔ انہوں نے باالخصوص علماء اکرام ‘سیاسی و سماجی رہنمائوں ‘ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصد کیلئے آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ۔

ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ اپنی اپنی سطح پر لوگوں کو بچوں کے تحفظ بارے آگاہی دلائیں ۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہلاک ہونیوالی بچیوں کے کیسز کی جدید خطوط پر تفتیش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ والدین کو ہر قیمت پر انصاف ہوتا ہوا نظر آئے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اساتذہ ‘والدین ‘مذہبی و سیاسی رہنمائوں اور میڈیا کی چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ٹریننگ کروائے تا کہ وہ اس حساس ایشو پر موثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

اسی طرح انہوں نے متاثرہ فیملز کی کونسلنگ کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے تحصیل اور ضلع کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی بنانے کا حکم دیا ۔ چیئر مین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس نے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی کہ قصور واقعات میں مبینہ ملوث افراد کی نشاندہی کیلئے بھیجے گئے ڈی این اے ٹیسٹ کی لسٹ فراہم کی جائے تا کہ وہ ان ٹیسٹ کے رزلٹ جلد از جلد فراہم کرنے کیلئے متعلقہ ادارے کو ہدایات جاری کریں ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور مختلف عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی بھرپور پیروی کریں تا کہ ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں