صحت اور تعلیم پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘فرائض میں غفلت ‘مالی معاملات

میں کرپشن اور ناقص کارکردگی پر ذمہ داران کیخلاف سخت کاروائی ہوگی ‘تعلیمی اداروں کے سربراہان سکولوں میں صفائی ستھرائی ‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات باہم پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ‘ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی ‘ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی‘ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر

پیر 9 اکتوبر 2017 17:53

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء) صحت اور تعلیم پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘فرائض میں غفلت ‘مالی معاملات میں کرپشن اور ناقص کارکردگی پر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی ہوگی ‘تعلیمی اداروں کے سربراہان سکولوں میں صفائی ستھرائی ‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات باہم پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ‘ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی ‘ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیگی۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز تحصیل قصور اور تحصیل کوٹ رادھاکشن کے مختلف سرکاری سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کو مختلف علاقوں کے سکولوں اور ہسپتالوں کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پر ڈپٹی کمشنر قصور نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے تحصیل قصور اور کوٹ رادھاکشن کے مختلف سرکاری سکولوں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رائو خانوالا ‘گورنمنٹ پرائمری سکول حویلی تیلیاں والی ‘گورنمنٹ ایلمنٹری سکول گھنیکے ‘گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ رادھاکشن اور بنیادی مرکز صحت رائوخانوالا ‘تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ رادھاکشن کا اچانک دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی ‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی ‘اساتذہ ‘طلباء و طالبات کی حاضری ‘بچوں کی تعلیمی کارکردگی اور سکولوں میں بچوں کو دی جانیوالی دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلاً جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح انہوں نے ہسپتالوں میں بھی صفائی ستھرائی ،ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا ۔ ناقص کارکردگی پر انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رائو خانوالا کی ہیڈ مسٹریس ثمینہ عفت ‘گورنمنٹ ایلمنٹری سکول گھنیکے کے ہیڈ ماسٹر محمد احمد ‘گورنمنٹ پرائمری سکول حویلی تیلیاں والی کے ہیڈ ماسٹر کی ناقص کارکردگی پر سرزنش کی اور انہیں وارننگ دی کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر قیمت یقینی پر بنائیں ورنہ ان کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی ۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر قصور نے کوٹ رادھاکشن میں ریسکیو 1122کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی جگہ کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر انکے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن سیف اللہ ساجد بھی ہمراہ تھے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں