وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

پروگرام کی بدولت دیہاتوں میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات میں بہتری آئے گی ‘ملک اعجاز احمد خاں

پیر 9 اکتوبر 2017 17:53

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء)وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز اجلاس ضلع کونسل میں منعقد ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالوحید سندھو ‘چیئر مین یونین کونسلز سردار کامران ڈوگر ‘سردار اختر یٰسین ‘میاں منور طاہر ‘چوہدری محمد حیات ‘سردار منیر ڈوگر ‘وائس چیئر مین سردار محمد اقبال ‘سیکرٹریز یونین کونسلز اور دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب حکومت اوریونیسیف کے تعاون سے ضلع قصور کی 6یونین کونسلز کھائی ہٹھاڑ ‘ڈھولن ‘تلونڈی ‘بیرون کھڈیاں ‘جھنڈ والا اور مولا پور سے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر رورل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے اور عوام میں اس پراجیکٹ کو بھرپور پذیر ائی مل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس میں اس پراجیکٹ کی افادیت بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے تا کہ عوام صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے بہتر انتظامات کے حوالے سے یونین کونسلز کے عملے کیساتھ بھرپور تعاون کریں ۔وائس چیئر مین نے منتخب شدہ چھ یونین کونسلز کیلئے ضروری سامان کی خریداری کو شفاف بنانے کیلئے چیئر مین مولا پور سردار اختر یٰسین اور چیئر مین جھنڈ والا سردار کامران ڈوگر پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دی جو صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کیلئے درکار سامان کی خریداری کر کے متعلقہ یونین کونسل کے عملے کے حوالے کریگی ۔

اجلاس میں رانا رشید کو اس پراجیکٹ کیلئے فوکل پرسن بنانے کی منظوری دی گئی جو تمام یونین کونسلز میں روزانہ کی بنیادوں پر رابطہ کرکے رپورٹ مرتب کرینگے ۔ وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں نے کہا کہ خادم پنجاب رورل سینیٹیشن اینڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کی بدولت دیہاتوں میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات میں بہتری آئے گی اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں