صوبائی سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی عنبرین رضا کا اچانک دورہ قصور ‘مختلف فلاحی مراکز بہبود آبادی اور ضلعی دفتر کا معائنہ کیا

متعلقہ افسران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایات ‘محکمہ بہبود آبادی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہے ‘صوبائی سیکرٹری عنبرین رضا

منگل 14 نومبر 2017 19:36

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء)صوبائی سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی عنبرین رضا کا اچانک دورہ قصور ‘مختلف فلاحی مراکز بہبود آبادی اور ضلعی دفتر کا معائنہ کیا ‘متعلقہ افسران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایات ۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی پنجاب بھر میں اچانک دورے کر کے اپنے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس قصور اچانک دورہ کیا ۔

اپنے دورہ کے دوران صوبائی سیکرٹری بہبود آباد ی نے فیملی ہیلتھ کلینک ڈی ایچ کیو ہسپتال ‘مختلف فلاحی مراکز بہبود آبادی یونین کونسل 7‘یونین کونسل 8اور یونین کونسل 9کا معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میاں محمد امجد فاروق ‘تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مسز سعدیہ صدیق ‘ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مسز سمیرا دلاور بھی تھیں ۔

صوبائی سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی عنبرین رضا نے فلاحی مراکز برائے بہبود آباد ی دورہ کے موقع پر مانع حمل ادویات ‘جنرل ادویات ‘رجسٹریشن رجسٹراورموزوں شادی شدہ جوڑوں کے اندراج کا ریکارڈ چیک کیا ۔ اس موقع پر فیلڈ اسٹاف کو حکم دیا کہ وہ گھر گھر جا کر موزوں شادی شدہ جوڑوں سے رابطہ قائم کر یں اور خاندانی منصوبہ بندی کی مفت ادویات اور چھوٹے خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرنے بارے انکی کونسلنگ کریں۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری محکمہ بہبو دآبادی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ضلعی سطح پر پنجاب بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے آگاہی پروگرامز پر مکمل فوکس کئے ہوئے ہے اس ضمن میں پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر کے دفاتر میں مختلف تقریبات منعقد کروائی جا رہی ہیں اور ماہ دسمبر میں فیملی پلاننگ ویک بھی منایا جائیگاجس میں علماء اکرام ‘مقامی عوامی نمائندوں ‘این جی اوز ‘میڈیا اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائیگاتا کہ عوام الناس کو ادویات کے علاوہ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے معلومات دی جا سکیں ۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بھی زیادہ سے زیادہ کمیونٹی سیشن منعقد کروائے جائیں تا کہ فلاحی مراکز اور سوشل موبلائزر کے ساتھ لوگوں کا رابطہ ممکن ہو سکے اور چھوٹے خاندان کی اہمیت کے حوالے سے عوام الناس کی سوچ کو بدلا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا محکمہ بہبود آبادی پنجاب میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہے کیونکہ یہ بڑا معاشرتی ایشو ہے جس سے ہمارے تمام محکموں کی کارکردگی بالواسطہ منسلک ہے اس لئے تمام سٹیک ہولڈرز محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر ، ایجوکیشن،این جی اوز اور دیگر محکمہ جات کو انفرادی و اجتماعی سطح پر محکمہ بہبود آبادی کیساتھ اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں