ادرک کی فصل دسمبرکے مہینے میں برداشت کیلئے تیار ہوجاتی ہے‘زرعی ماہرین

اتوار 10 دسمبر 2017 13:30

قصور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء)زرعی ماہرین نے بتایاہے کہ مارچ‘اپریل میں کاشت کی گئی ادرک کی فصل دسمبرکے مہینے میں برداشت کیلئے تیار ہوجاتی ہے‘برسات کا موسم شروع ہونے پر فصل میں پہلی گوڈی کرکے تمام جڑی بوٹیاں نکال دی جائیں اسکے بعد مناسب وترمیں دو گوڈیاں کریں اگرممکن ہوتو گوبرکی گلی سڑی کھاد بحساب ایک ٹن فی کنال ملادیں‘ ادرک کی جڑیں نازک ہوتی ہے اسلئے گوڈی گہری نہ کریں۔

(جاری ہے)

ماہرین نے بتایا کہ دسمبرکے مہینے میں جب ادرک کے پتے سوکھ جائیں اور ٹہنیاں نیچے گرپڑیں تو فصل برداشت کیلئے تیارہوجاتی ہے‘فصل کی برداشت کسی یا کھرپے کی مدد سے نہایت احتیاط سے کریں تاکہ گھٹیاں زخمی نہ ہوں‘ زخمی گھٹیاں سٹورمیں جلدخراب ہوجاتی ہیں جس سے منڈی میں اچھی قیمت نہیں ملتی اگراگلی فصل لگانے کیلئے بیج تیار کرنا ہوتو فصل کی برداشت فروری کے آخری ہفتہ میں کریں اس دوران خیال رکھیں کہ بارش ہونے کی صورت میں پانی زیادہ دیر تک کھیت میں کھڑانہ ہونے پائے اس سے گھٹیوں کے زمین میں ہی گل سڑجانے کا امکان ہے۔

دوسری صورت میں دسمبر کے مہینے میں فصل کی برداشت کرنے کے بعد اچھی اچھی گھٹیوں کا چنائوکریں۔ماہرین کے مطابق اچھی فصل سے 80تا 100من فی ایکڑ تازہ ادرک حاصل ہوسکتی ہے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں