کتنے دُکھ کی بات ہے کہ غریب آدمی کی بیٹیوں کی عزت نہ گھرمیں اور نہ باہرمحفوظ رہی ہے ‘آج پاکستان میں ہونے والے اِس المناک واقعہ کی بحث برطانوی پارلیمنٹ میں ہورہی ہے ‘

اِس سے ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں ،مظلوم زینب و دیگر معصوم جانوں کا قاتل ضرور خدا کی پکڑ میں آکر عبرت ناک انجام سے دوچارہوگا قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر سیدخورشیدشاہ کی قصور میں مقتولہ زینب کے والد سے اظہار تعزیت کے بعدمیڈیا سے گفتگو

منگل 16 جنوری 2018 20:29

قصور۔16جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما واپوزیشن لیڈر سیدخورشیدشاہ نے کہاہے کہ کتنے دُکھ کی بات ہے کہ غریب آدمی کی بیٹیوں کی عزت نہ گھرمیں اور نہ باہرمحفوظ رہی ہے ‘ آج پاکستان میں ہونے والے اِس المناک واقعہ کی بحث برطانوی پارلیمنٹ میں ہورہی ہے ‘ اِس سے ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں، آج پوری دنیامیں پاکستان ایک تماشہ بن کررہ گیاہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے قصورمیں مقتولہ زینب کے والد حاجی محمدامین انصاری کے ساتھ اظہار افسوس کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم زینب کے ساتھ ہونیوالے المناک سانحہ سے قبل معصوم 11جانوں کو کس طریقے سے جنسی ‘زیادتی کرنے کے بعد ہلاک کیا گیا، زینب کے واقعہ کو میڈیانے اجاگر کیا ، اب وہ وقت گزرچکاہے کہ طاقت کے زور پر کسی غریب ‘مظلوم کی آوازکو نہیں دبایاجاسکتا،انہوں نے کہا کہ پیسے کسی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج نہیں تو کل مظلوم زینب و دیگر معصوم جانوں کا قاتل ضرور خدا کی پکڑ میں آکر عبرت ناک انجام سے دوچارہوگا۔انہوں نے کہا کہ کہ اگرکوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم یہاں سیاست چمکانے کیلئے آئے ہیں تو وہ سن لیں کہ سیاست ہمارے دین کا بنیادی حصہ ہے اور ہم سیاست عوام کی خدمت سمجھ کر کررہے ہیںاوریہی ہماری پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہیدکا مشن تھا اوریہی ہماری پارٹی کا منشورہے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظوراحمدوپیپلزپارٹی قصورکی قیادت حاجی محمداشفاق‘ نذیرچوہدری‘ندیم اخترچن‘حاجی لیاقت علی‘محمدآصف ودیگرموجودتھے۔اس موقع پر مقتولہ زینب کے والدحاجی محمدامین ا نصاری نے کہا کہ ہمیں پولیس پر اعتماد نہیں اسلئے ہم نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ سے انصاف کے حصول اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا‘پولیس اگر اتنی فرض شناس ہوتی تو ہماری بیٹی کیساتھ ہونیوالے المناک واقعہ سے پہلے زیادتی کی مرتکب معصوم جانو ں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جاچکی ہوتی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں