صوبائی وزیر بلدیات کا دورہ قصور ‘ضلع میں مختلف محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

ضلع بھر میں مجموعی طور پر 24ارب روپے کی 338سکیموں پر کام جاری ‘70فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ‘بریفنگ تمام ترقیاتی سکیموں کو مارچ سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے ‘کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ‘صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ

جمعہ 26 جنوری 2018 19:42

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں منشاء اللہ بٹ کا دورہ قصور ‘ضلع بھر میں مختلف محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں منشاء اللہ بٹ نے گزشتہ روز قصور کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کمیٹی رومیں ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ لی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال ‘ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن قصور چوہدری ناصر اقبال ‘ایکسئین بلڈنگ ‘ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ ‘سی ای او ضلع کونسل ‘پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایس ڈی اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 24ارب روپے کی 338سکیموں پر کام جاری ہے اور رواں سال کے دوران ان سکیموں پر اب تک 15ارب روپے خرچ جبکہ 70فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ان سکیموں میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ‘لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ‘ہائی وے ‘بلڈنگز ‘ایجو کیشن ‘ہائیر ایجو کیشن ‘سپیشل ایجو کیشن ‘سپورٹس ‘سوشل ویلفیئر سمیت دیگر محکموں کی مختلف سکیمیں شامل ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام الناس کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیںاور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے عوام الناس کو براہ راست ریلیف دینے والے منصوبوں جن میں صاف دیہات پروگرام ‘خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام ‘صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ‘سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبہ جات کا آغاز کیا ہے جن کی تکمیل سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا ۔

ان جاری منصوبوں کی کوالٹی اور معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا جس کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے ہدایات دی ہیں کہ تمام وزراء ‘اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور کوالٹی کے معیار کو یقینی بنائیں ۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر قصور کو ہدایت کی کہ وہ بھی تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مارچ سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے ۔بعدازاں صوبائی وزیر نے موضع کیلو ‘بائی پاس اور دیگر علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کے معیار کا جائزہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں