ڈپٹی کمشنرسائرہ عمر اور چیئر مین میونسپل کمیٹی حاجی ایاز خاں کے زیر صدارت بلدیاتی نمائندوں کا اہم اجلاس

وارڈ کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں بنانے پر اتفاق‘کمیٹیاں گلی محلوں میں والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے حوالے سے آگاہی دینگی ‘ڈی سی سائرہ عمر ‘حاجی ایاز خاں

پیر 29 جنوری 2018 18:44

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر اور چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور حاجی ایاز احمد خاں کے زیر صدارت بلدیاتی نمائندوں کا اہم اجلاس ‘وارڈ کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں بنانے پر اتفاق ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر اور چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور حاجی ایاز خاں کے زیر صدارت تحصیل میونسپل کمیٹی کے آفس میں بلدیاتی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں وائس چیئر مین میونسپل کمیٹی چوہدری احمد لطیف ‘چیئر مین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کونسل برائے این جی اوز جمیل احمد خاں اور کونسلرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور نے کہا کہ قصور کے حالیہ واقعات کی روشنی میں اس بات کی اشد ضرورت محسوس ہو رہی ہے کہ زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے محب وطن لوگوں اور عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تا کہ برائیوں کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے اور امن دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کی جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ ہم سب کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک ایسا ماحول فراہم کریں جہاں کوئی انہیں نقصان نہ پہنچا سکے اس مقصد کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی زیر صدارت وارڈ کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاںتشکیل دی جائیں جو گلی محلوں میں والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے حوالے سے آگاہی دیں۔

چیئر مین میونسپل کمیٹی حاجی ایاز احمد خاں نے اس تجویز کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ منتخب عوامی نمائندے گلی محلوں کی سطح پر عوام سے بہترین رابطے میں ہوتے ہیں اس لئے وارڈ کی سطح پر بننے والی ان کمیٹیوں کی صدارت وہاں سے منتخب کونسلر زکو دی جائے جو ہر وارڈ کی سطح پر سیاسی و سماجی کارکنوں ‘تاجروں ‘خواتین ‘صحافی ‘اساتذہ ‘ریٹائر ڈ ملازمین وغیرہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیں ۔

انہوں نے کہا کہ وارڈ کی سطح پر بننے والی یہ کمیٹی 20ارکان پر مشتمل ہو گی جو نہ صرف والدین کو چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے آگاہی دیگی بلکہ اپنے ارد گرد مشتبہ افراد پر بھی گہری نظر رکھے گی ۔ ان کمیٹیوں کے قیام سے امن وامان میں بہتری اور سماجی رابطے بہتر ہونگے اور شہر میں ایک دفعہ پھر امن کی فضا قائم ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں