ضلع قصور کو امن کاگہوارہ بنایا جائے گا،ڈی پی او

جمعرات 1 فروری 2018 23:07

قصور۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2018ء)ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ ضلع میںامن وامان کے قیام کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے،صحافیوں،وکلاء،ممبران امن کمیٹی ،تاجروں اور شہریوں کے تعاون سے ضلع قصور کو امن کاگہوارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے نمائندگان سے میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی حافظ سعید احمد ،ایس ایچ او اے ڈویژن انسپکٹر حاجی محمد اشرف اور ایس ایچ او صدرقصور انسپکٹر ملک طارق محمود بھی موجود تھے ۔ڈی پی اوقصور نے میٹنگ کے دوران مزید کہا کہ پولیس کمیونٹی پالیسنگ کے بغیر جرائم کو جڑسے نہیں اکھاڑسکتی اور نہ ہی امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جب تک پولیس اور عوام مل بیٹھ کر مسائل کے بارے میں مشاورت نہ کر لیں تب تک جرائم موثر طریقے سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے کہاکہ پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور میڈیا ریاست کو چوتھا ستون ہے اس لیے پولیس کے ساتھ ساتھ میڈیا بھی اپنی آواز اور قلم کے ذریعے امن وامان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے آئو سب مل کر شہرقصور کو امن کا گہوارہ بنائیں ہر کوئی خلوص نیت سے اپنا اپنا حصہ ڈالیں ،اس موقع پرڈی پی اوقصور نے زینب قتل کیس میں سفاک ملزم عمران کی گرفتاری کے متعلق بتایا کہ قاتل گرفتار ہوچکا ہے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم آئندہ چند روز تک تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کردے گی۔

(جاری ہے)

صحافی حضرات نے بھی قیام امن اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے اپنے اپنے مفید مشورہ جات دئیے ،امن وامان کے قیام ،جرائم کی بیخ کنی اور پبلک سروس کیلئے پولیس کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں