اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ مخلوق کی خدمت ہے، زاہد نواز مروت

ہفتہ 3 فروری 2018 13:10

قصور۔3 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2018ء)ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا بہترین ذریعہ اس کی مخلوق کی نیک نیتی سے خدمت کرنا ہے۔قصور پولیس پوری نیک نیتی اور تندہی کے ساتھ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحصیل پتوکی کے دورے کے موقع پرچیئرمین‘ کونسلرز‘ وکلاء‘ تاجروں‘صحافیوں‘ممبران امن کمیٹی اور سول سوسائٹیز کے لوگوں کے ساتھ ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈی ایس پی پتوکی علی اختر انصاری اور ایس ایچ اوز تحصیل پتوکی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔زاہد نواز مروت نے کہا کہ پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے پولیس کو ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا تعاون بھی درکار ہے اس لیے کمیونٹی پالیسنگ کے تحت پولیس اور عوام کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرتے ہوئے باہمی رابطہ کی فضا قائم کی جائے گی،اس مقصد کے حصول کیلئے تھانہ کی سطح پرمعززین علاقہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کو متعلقہ سرکل افسر ان مانیٹر کریں گے اور ہر 15روز کے بعد میٹنگ میں عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں اور انہیں ہرصورت تحفظ فراہم کریں،ڈاکوئوں،مجرمان اشتہاریوں،منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت ترین کریک ڈائون کریں، اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی و لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔میٹنگ کے دوران چیئرمین،کونسلرز، وکلاء،تاجروں،صحافیوں،ممبران امن کمیٹی اور سول سوسائیٹیز کے افراد نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ، قیام امن اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے مفید مشوریدیے اور پبلک سروس کیلیے پولیس کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں