کاشتکارقرضوں کے حصول کے لئے سدابہارسکیم سے بھرپور استفادہ کریں، ترجمان زرعی ترقیاتی بینک

منگل 6 فروری 2018 10:50

قصور۔6 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2018ء)زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈپاکستان نے ملک بھرمیں غذائی خودکفالت ‘گندم‘کپاس‘ چاول‘مکئی‘ سبزیوں‘ پھلوں وغیرہ کی بہترین پیداوار کے حصول اور سرسبززرعی انقلاب کے خواب کوعملی شکل دینے کیلئے کاشتکاروں ‘کسانوں‘ زمینداروں کو زرعی ترقیاتی بینک کی سدا بہار سکیم سے بھرپور استفادہ کی ہدایت کی ہے۔

زرعی ترقیاتی بینک قصورکے ذرائع نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے کاشتکاروں کو قرضوں کی آسان فراہمی کیلئے سدابہارسکیم شروع کررکھی ہے جس کا مقصدکاشتکاروں کو بار بار کاغذی کارروائیوں سے نجات اور قرضوں کی بروقت فراہمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت ایک بار کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تین سال کیلئے پانچ لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیاجاتاہے اور قرضہ کی سالانہ حد سال بھرکی کاشت کرنیوالی فصلوںکے اخراجات کے علاوہ دوسرے چھوٹے چھوٹے اخراجات ‘بجلی کے بل‘مشینری کی مرمت کیلئے قرضہ کی حد میں 10فیصد تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سدابہارسکیم کے تحت قرض دار جب چاہے جتنا چاہے قرضہ استعمال کرسکتاہے اور اسکی واپسی بھی مقررہ وقت کے اندر جس وقت چاہے کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بینک کے ایم سی اور ربیع وخریف کی فصلوں کیلئے ون ونڈوآپریشن کے تحت قرضوں کی درخواستیں وصول کرکے کیس تیار کرتے ہیں جبکہ مقامی بینک کے مینجرکو اس سکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے تک قرضہ منظور کرنے کا اختیارحاصل ہے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں