مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمدیقینی بنائیں،لائیوسٹاک ماہرین

پیر 12 فروری 2018 12:00

قصور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) ماہرین لائیوسٹاک نے کہاہے کہ مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمدکیاجائے اور شیڈ کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یاجراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایاجائے تاکہ عوام کو صحت مندمرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75تا 80 فارن ہائٹ تک برقراررکھیں اور سردیوں میں ٹھنڈی ہواکیلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیزکیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈ میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مرسکتے ہیں اسلئے موٹے جینزکے پردوں کو استعمال میں لایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمدورفت کا مناسب انتظام ہونا چاہئیے جس کیوجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہوجاتاہے‘ شیڈ کا درجہ حرارت برقراررکھنے کیلئے ہیٹریابھٹی کا استعمال کیاجائے اور اس بات کا خیال رہے کہ دھواں جمع نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بورایا چاول کا چھلکانیچے استعمال کیاجائے اور جب یہ گیلاہوجائے تو اسے فوراً بدل دیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پرندوں کو وٹامن ای دیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مرجائے تو اسے گہرا گڑھاکھود کر زمین میں دبا دیناچاہئے اور فارم کے اردگرد چونابھی چھڑک دیاجائے تاکہ جراثیم پیداہونے کا خطرہ کم سے کم ہوسکے۔ انہوں نے شیڈول کی مطابق پرندوں کی ویکسینیشن کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں