کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا دورہ قصور ‘جنرل الیکشن کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا

ممکنہ سیلاب کی صورتحال اور ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اورڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کا دورہ تمام ضلعی افسران غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں ‘کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ

پیر 16 جولائی 2018 19:04

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا دورہ قصور ‘جنرل الیکشن 2018کے سلسلے میں کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور حساس پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا ‘ممکنہ سیلاب کی صورتحال اور ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ڈینگی وارڈ کا دورہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے گزشتہ روز قصور کا دورہ کیا ۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں جنرل الیکشن 2018کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد ‘ڈی پی او منتظر مہدی ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ‘تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور نے بتایا کہ غیر جانبدار انہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے 173حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائیگی ۔

ڈی پی او منتظر مہدی نے اس موقع پر بتایا کہ الیکشن کے روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائینگے اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ 25جولائی کو پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی جیساکہ صفائی ستھرائی ‘واش رومز ‘بجلی و دیگر سہولیات کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور ان سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اور دیگر متعلقہ حکام سے سرٹیفکیٹ لیا جائے ۔

انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں ۔ڈینگی مچھر کے کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کو بتایا کہ ضلع بھر میں 585انڈور اور 112آئوٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی سرویلنس میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں اور رواں سال کے دوران اب تک ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی بھی کنفرم کیس سامنے نہ آیا ہے ۔

کمشنر لاہور ڈویژن نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بھی ڈینگی کے مریضوں کی موثر رپورٹنگ کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے تا کہ ڈینگی کنفرم کیس کی بروقت نشاندہی کر کے تدارک کیا جا سکے ۔ بعدازاں کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے شہر کے مختلف حساس پولنگ اسٹیشنز اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ڈینگی وارڈ کا دورہ کیا اور تمام سہولیات کا جائزہ لیا ۔علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد کے ہمراہ دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں