ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سجاد حسین سندھڑ کی میڈیا نمائندگان سے ملاقات ‘

جنرل الیکشن کے انتظامات بارے بریفنگ دی غیر جانبدارانہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ‘سجاد حسین سندھڑ

جمعہ 20 جولائی 2018 16:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج /ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قصور سجاد حسین سندھڑ کی میڈیا نمائندگان سے ملاقات ‘جنرل الیکشن 2018ء کے سلسلے میں انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قصور سجاد حسین سندھڑ نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی اور انہیں جنرل الیکشن 2018ء کے سلسلے میں اب تک کئے گئے تمام انتظامات اور ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی ۔

انہوں نے کہا کہ غیر جانبدارانہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اس لئے میڈیا نمائندگان اپنے فرائض جذبہ حب الوطنی کے تحت ادا کریں اور الیکشن کے حوالے سے مثبت رپورٹنگ کے عمل کو اپنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی نشاندہی پر فوراً ایکشن لیا جا رہا ہے اس لئے انکا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ غیر جانبداری کے سنہری اصول کو اپناتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں ۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیرجانبدارانہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔الیکشن عملے کی ٹریننگ ہو چکی ہے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام دو روز میں مکمل ہو جائیگا ۔ ٹرانسپورٹیشن پلان بن چکا ہے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور عوام الناس کو خوش گوار ماحول میں حق رائے دہی کا موقع فراہم کرنے کیلئے پولیس کیساتھ ساتھ پاک آرمی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں جو ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیگی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے روز کوریج کیلئے میڈیا نمائندگان کو خصوصی کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں انکے آفس میں الیکشن سیل قائم کیا گیا ہے جہاں سے تمام میڈیا نمائندگان الیکشن کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں