ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی پاکستان کا 71وا ں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 20:32

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی پاکستان کا 71وا ں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ‘ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی و یکجہتی اورامت مسلمہ کی بہتری کی دعائوں سے کیا گیا ۔قصور میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد‘ڈی پی او سید منتظر مہدی اور دیگر افسران نے پرچم کشائی کر کے تقریبات کا آغاز کیا ۔

اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بزرگوں کی انتھک محنت اور قربانیوں سے یہ وطن حاصل کیا ہے آج اس کے 71ویں یوم آزادی پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملکر اسے ایک مضبوط اور مستحکم ملک بنائینگے اوراس وطن عزیز کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کواتفاق و اتحاد اور جذبہ الوطنی سے ناکام بنائینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا مگر اس کیلئے ہم سب کو مساوات ‘رواداری ‘تحمل ‘بھائی چارے اور جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اندرونی بیرونی سازشوں کا شکار ہے اور دشمن اسے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے مگر ہم اپنے جذبہ الوطنی ‘فہم و فراست ‘جوش ‘خدمت اور محنت کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح ؒاور علامہ محمد اقبال ؒکے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ایک پر امن اور مستحکم ملک بنائینگے جس پر پوری دنیا فخر کریگی ۔اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے ‘تقاریر اور ٹیبلو پیش کئے ۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ جیل قصور میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد ‘ ڈی پی او سید منتظر مہدی ‘ سپریٹنڈنٹ جیل سید بابر علی اور صدر بار سردار فاخر علی ایڈووکیٹ،سابقہ صدر پریس کلب قصور حاجی محمد شریف مہر نے شرکت کی اور یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالے اسیران میں انعامات اور مٹھائی تقسیم کی ۔

اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میں مریضوں اور انکے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی اور اسسٹنٹ کمشنر قصور رابعہ مودودی نے دارالامان میں موجود خواتین میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئیاسی طرح یوم آزادی کے حوالے سے پریس کلب قصور میں ایک روح پرور تقریب منعقد کی گئی جس میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ ایک بھرپور ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں صدر پریس کلب قصور مہر محمد جاوید ،سابقہ صدر پریس کلب قصور حاجی محمد شریف مہر سمیت پریس کلب قصور کے عہدیداراور ممبران نے شرکت کیںصدر پریس کلب قصور مہر محمد جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے تہواروں کو جوش و خروش سے منانے پر پہچانی جاتی ہیںآزادی کے سن سے بھر کر ہمارے لیے کوئی دن نہیں ہے کیونکہ آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں جن کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے سابقہ صدر پریس کلب قصورحاجی محمد شریف مہرنے کہا کہ ہم نے بزرگوں کی انتھک محنت اور قربانیوں سے یہ وطن حاصل کیا ہے اور آج ہم آزاد فضائو ں میں سانس لے رہے ہیںپاکستان کو اقبال اور قائد کا پاکستان بنانے کے لیے ہم سب کو حصول پاکستان کے مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اس مو قع پر چیئر مین پریس کلب قصور محمد اشرف واہلہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئیاور پاک وطن کے لیے دعائے خیربھی کیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں