ڈی پی او آفس میں ’’ ایک گھنٹہ مہمان کیساتھ ‘‘ عنوان پر تربیتی نشست کا انعقاد

بدھ 15 اگست 2018 23:20

قصور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) تھانہ کلچر میں بہتری اور پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کو نکھارنے کے حوالے سے ڈی پی او آفس میں ’’ ایک گھنٹہ مہمان کیساتھ ‘‘ عنوان پر تربیتی تشست کا انعقاد ہوا ،جس میں مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی پنجاب(ر) سرمد سعید کے علاوہ ڈی پی اوقصور منتظر مہدی ،ڈی ایس پی سٹی محمد ارشد،اے ایس پی صدر زبیر نذیر،ڈی ایس پی لیگل شیخ فیاض احمد ،اے ایس پی (یوٹی) ڈاکٹر انعم فریال و دیگر پولیس افسران و ملازمان نے شرکت کی ،تربیتی نشست کے دوران ریٹائرڈ ایڈیشنل آئی جی سرمد سعید نے کہا کہ پولیس واحد محکمہ ہے جس کے اندر کام کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کیساتھ ساتھ مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہوئے عبادت کرتے ہیں کیونکہ اللہ کو راضی کرنے کا بہترین ذریعہ اسکی مخلوق کی خدمت کرنا ہے، انہوں نے کہا تھانوں میں شہریوں کیساتھ خوش اخلاقی کیساتھ پیش آئیں،پانی پلائیں،انصاف کی فراہمی میں ہر ممکن کوشش کریں ،بدتمیزی ہرگز نہ کریں ،تھانوں میں ملزمان پر تشدد سے گریز کریں، کسی شخص کو غیر قانونی حراست میں مت رکھیں ،اس سلسلہ میں پولیس آفیسر کی ذاتی خصوصیات کیساتھ ساتھ پیشہ وارانہ تربیت کا ہو نا لازمی ہے، انہوں نے کہا پولیس کا کام معاشرے میں امن وامان کے قیام کو یقینی بناناہے، امن کی سوچ رکھنا اور اس کیلئے عملی اقدامات کرنا ایک نیک و اچھی سوچ کی نشانی ہوتی ہے اس لیے ہم سب امن کے داعی ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیونٹی پالیسنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں پولیس تنہا کرائم کو جڑ سے نہیں اکھاڑ سکتی اور نہ ہی امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اس لیے معاشرے کے پرامن اور معزز شہریوں کیساتھ میٹنگز کریں جب تک پولیس اور عوام آپس میں مل بیٹھ کر مسائل کے بارے میں مشاورت نہ کر لیں تب تک جرائم پر موثر طریقے سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا کمیونٹی پالیسنگ سے ناصرف کرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ بھی قائم ہوگا ۔

انہوں نے اسلامی تعلیمات ،پولیس قوانین اور بین الاقوامی مبصرین کے نظریات کو کوڈ کرنے کیساتھ ساتھ محکمہ پولیس میں اپنی سروس کے تجربہ کی روشنی میں فیلڈ ورکنگ کے دوران پولیس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہدایات بھی دیں ،کرپشن سے دور رہنے،ایمانداری،فرض شناسی،محنت اور لگن سے ڈیوٹی سرانجام دینے کے طریقہ کار کیساتھ ساتھ مسلسل مثبت سوچ رکھنے کے متعلق بھی اپنے تجربہ کی روشنی میں لیکچر دیا ۔

تربیتی نشست کے دوران ڈی پی او قصور منتظر مہدی نے کہا ایمانداری محافظ کا حسن اور بہادری اسکی شان ہوتی ہے ان اوصاف کے بغیر کسی کو بھی پولیس افسر کہلانے کا حق نہیں اور ایماندار پولیس افسر کو ہی شہریوں سے عزت ملتی ہے ۔ڈی پی اوقصور نے منتظر مہدی نے ریٹائرڈ ایڈیشنل آئی جی سرمد سعید کا ’’ ایک گھنٹہ مہمان کیساتھ‘‘ عنوان پر منعقدہ تربیتی نشست میںخصوصی تشریف آوری پر شکریہ بھی ادا کیا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں