ڈپٹی کمشنر قصور اور ڈی پی او کے زیر صدارت عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒکے سلسلہ میں انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس

عرس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے، آنیوالے زائرین کو تمام سہولیات دی جائینگی ‘رانا محمد ارشد ‘منتظر مہدی

ہفتہ 18 اگست 2018 21:31

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد اور ڈی پی او قصور سید منتظر مہدی کے زیر صدارت تین روزہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے سلسلہ میں سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس محکمہ اوقاف کے آفس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ مودودی ‘ڈی ایس پی سٹی میاں ارشد ‘سرپرست امور مذہبیہ کمیٹی حاجی محمد صفدر انصاری ‘ چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی عبدالطیف قادری ‘ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف رانا اشفاق حسین ‘محکمہ ہیلتھ ‘ایجو کیشن ‘سول ڈیفنس‘واپڈا‘چیف آفیسر بلدیہ قصور ‘ریسکیو 1122‘ ممبران امور مذہبیہ کمیٹی درباربابا بلھے شاہ ؒاور دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے متعلق سیکورٹی و دیگر انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد نے اس موقع پر کہا کہ عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒ26تا28اگست 2018قصور میں منعقد ہو رہا ہے اور اسکے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے آج کا اجلاس بلایا گیا ہے ۔ انہوں نے واپڈا ‘بلدیہ ‘ہیلتھ ، اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔

انہوں نے میونسپل کمیٹی قصور کے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ دربار کے ارد گرد کے علاقوں ‘سٹرکوں ‘دربار سے ملحقہ قبرستان اور دیگر جگہوں پر زائرین کی سہولت کیلئے لائٹس کا انتظام کیا جائے اور عرس مبارک کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔ پارکنگ اسٹینڈڈ دوسہرا گرائونڈ میں قائم کیاگیا ہے ۔ عرس مبارک کے تمام انتظامات سے ہر وقت آگاہی رکھنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائیگا جہاں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مد د سے مانیٹرنگ کی جائیگی ۔

ڈی پی او منتظر مہدی نے بتایا کہعرس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے اور آنیوالے زائرین کو تمام سہولیات دی جائینگی اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو بھی ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کی بہت بڑی تعداد کی متوقع آمد کے پیش نظر دربار شریف کے داخلی اور خارجی راستوں کا تفصیلی جائزہ لیکر ایک فول پروف سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور محکمہ پولیس ‘قومی رضا کار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔اس موقع پر امور مذہبیہ کمیٹی دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کی جانب سے پیش کی گئیںتجاویز پر فوری احکامات جاری کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں