کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا دورہ قصور ،یوم عاشورہ پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا

ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس ، ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد ،ڈی پی او منتظر مہدی نے انتظامات بارے بریفنگ دی

جمعرات 20 ستمبر 2018 19:18

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے قصور میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد اور ڈی پی او منتظر مہدی نے یوم عاشورہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات بارے انہیں بریفنگ دی ۔

کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹرمجتبیٰ پراچہ کو بتایا گیا کہ ضلع بھرم میں یوم عاشورہ کے حوالے سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ،21مجالس اور 29 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے 3ہزار سے زائد پولیس افسران و واہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ جلوس اور مجالس میں داخلے کیلئے 4سے 7لیئر ڈیوٹی لگائی گئی ہے ۔ اسی طرح بڑے جلوسوں کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کو بتایا گیا کہ بڑے جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں ،سکیورٹی اور دیگر معاملات کی براہ راست نگرانی کیلئے ڈی سی کمیٹی روم میں کنٹرو ل روم قائم کیا گیا ہے جہاں 24گھنٹے متعلقہ محکموں کا عملہ موجود ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوس کے روٹس پر تمام ترقیاتی کام کو مکمل کرلیا گیا ہے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں گے ۔

اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے ضلعی انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ بالخصوص یوم عاشورہ کے موقع پر تمام مسالک کے علما ء ، انجمن تاجران کے نمائندگان ، میڈیا اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے تعاون سے بہترین انتظامات کیے جائیں ۔

انہوںنے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مجالس اور جلوس کے موقع پر عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔بعد ازاں کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ سٹی قصورمیں مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں