بچوں کو پولیوکے قطرے پلانا والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر

پیر 24 ستمبر 2018 13:19

بچوں کو پولیوکے قطرے پلانا والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) آنے والی نسلوں کو عمربھرکی معذوری سے بچانے کیلئے انہیں پولیوکے قطرے پلانا تمام والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے اورانہیں چاہئیے کہ وہ اس اہم فرض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں تاکہ ملک میں ایک صحتمند نسل کو پروان چڑھایاجاسکے۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصورکے علاوہ ریلوے اسٹیشن‘لاری اڈہ ودیگرجگہوں پرپولیو مہم کے حوالے سے دورہ کے دوران میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ پوری دنیا سے پولیوکا خاتمہ ہمارے معاشرے کے اجتماعی ضمیرکا امتحان ہے اورہر باشعورشہری کو چاہئیے کہ وہ اس قومی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع قصور میں تین روزہ پولیو مہم 24ستمبر سے 26ستمبر 2018تک جاری رہے گی جبکہ27اور 28ستمبر کو فالواپ ہو گا۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر6لاکھ23ہزار532بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔اس موقع پران کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نذیر احمد ‘ڈسٹرکٹ پولیو انچارج ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد لائیق چوہدری ودیگر محکمہ صحت کاعملہ بھی موجودتھا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں