سموگ سے بچائو اور احتیاطی تدابیر اختیا ر کرنے کا شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام ‘ڈپٹی کمشنر کی شرکت

سموگ سے بچائو کے حوالے سے حکومت کیساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ‘ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کا سیمینار سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 21:28

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) سموگ سے بچائو کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور شہریوں میں حفاظتی تدابیر اختیا ر کرنے کا شعور بیدار کرنے کیلئے محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز تحصیل میونسپل کمیٹی ہال میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور شاہد عباس کاٹھیا‘پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر محمد خالد ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نذیر احمد ‘ڈی ایچ او قصور ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ،ڈسٹرکٹ اینٹامالوجسٹ محمد خرم ابراہیم‘فزیشن ڈاکٹر عامر مشتاق ‘چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر حبیب اللہ بلوچ ‘لیڈی ہیلتھ ورکرز اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ سموگ دراصل فضائی آلودگی کا نام ہے جو نہ صرف کاروبار زندگی کو معطل کر دیتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کا باعث بھی بنتی ہے یہاں تک کہ فصلیں اور جانور بھی اس آلودگی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں ۔سموگ سے بچائو کے حوالے سے حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

عوام میں سموگ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی پیدا کر کے انہیں سموگ سے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام الناس کو سموگ سے بچائو کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے ہیں جن میں اینٹوں کے بھٹوں کی بندش ‘فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی ‘دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن اور کوڑا کرکٹ جلانے پر پابندی وغیرہ شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس احتیاطی تدابیر جن میں گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ‘باہر سے آکر اپنے ہاتھ اور منہ کو تازہ پانی سے دھونا ‘کھانستے اور چھینکتے وقت منہ اور ناک پر رومال یا ٹشو پیپر کا استعمال ‘موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ یا عینک کا استعمال ‘کنٹیکٹ لینز لگانے ‘کمروں کے دروازے اور کھڑکیاں بندرکھنا ‘ٹھنڈے مشروبات اور ٹھنڈا پانی پینے سے اجتناب وغیرہ شامل ہیںکا شعور پیدا کر کے سموگ سے بچ سکتے ہیں ۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ نے کہا کہ سموگ سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔اس موقع پر محکمہ ہیلتھ کے دیگر افسران اور ڈاکٹرز نے بھی خطاب کیا ۔ بعدازاں سموگ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی کیلئے بلدیہ چوک میں ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے شہریوں میں سموگ سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر بارے پمفلٹس اور ماسکس تقسیم کئے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں