ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کے زیر صدارت عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کا جائزہ

لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس جشن ولادت مصطفی ؐکل کائنا ت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے ‘عید میلاد النبیؐ کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ‘جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی ‘لائٹس کے بہترین انتظامات اور فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر اور ایس پی انویسٹی گیشن سید غضنفر علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 17:26

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر کے زیر صدارت عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی پی ایس ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں ایس پی انویسٹی گیشن سید غضنفر علی شاہ ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوچوہدری محمد ارشد ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محمد اسد سندھو ‘اسسٹنٹ کمشنر زچونیاں شبیر احمد ڈوگر ‘ اے سی پتوکی آصف علی ڈوگر ‘ اے سی کوٹ رادھاکشن سیف اللہ ساجد ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ ‘ضلعی افسران‘ضلعی امن کمیٹی کے ممبران ‘انجمن تاجران کے عہدیداروں اور دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ ربیع الا اول کا مہینہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ؐ دنیا میں تشریف لائے ۔

(جاری ہے)

آپ ؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت العالمین ہیں اور آپ ؐ کا پیغام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ۔ سرکار مدینہ کی عظمت کے ترانے ازل سے ابدتک جاری رہیں گے ۔جشن ولادت مصطفی ؐکل کائنا ت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے ۔

آپؐ نے نسل انسانیت کو امن ‘رواداری اور بھائی چارے کا عظیم پیغام دیااور آپ ؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی منائے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم آپ ؐ کی ولادت باسعادت کے مقدس دن کو نہایت جوش و خروش اور جذبے کیساتھ منائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو عظیم سلطنت اور پاکستانی معاشرے کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اسوہ رسول ؐ سے رہنمائی لینا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کو مذہبی جوش و خروش سے منانے کیلئے تمام سرکاری محکموں کو خصوصی احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ اس مقدس دن کی مناسبت سے ضلع بھر میں منعقد ہونیوالی تقریبات ‘محافل اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور لائٹس کا بہترین انتظام کیا جائیگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ 12ربیع الاول کے موقع پر بھرپور چراغاں کیا جائیگا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سب سے بہترین سجاوٹ پر تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش پرائز دیا جائیگا۔

اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن سید غضنفر علی شاہ نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ۔عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے ضلع بھر میں منعقد ہونیوالے تمام پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظرہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ، اتفاق اور باہمی یگانگہت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ممبران ضلعی امن کمیٹی اور معززین شہر کے تعاون سے انشاء اللہ سابقہ روایات کیمطابق اس بار بھی عید میلاد النبی ؐ بھرپور جوش و خروش اور جذبے سے منایا جائیگا۔اس موقع پر ممبران امن کمیٹی ‘میلاد کمیٹی ‘انجمن تاجران کے عہدیداروں اور دیگرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کو عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں