ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی اوراراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ ‘تمام سہولیات کا جائزہ لیا

کرشنگ سیزن انتظامات مکمل نہ کرنے اور کسانوں کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پتوکی شوگر مل کا سٹور سیل کر دیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 17:21

قصور/پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قصورصاحبزادی وسیمہ عمر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی اوراراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ ‘عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ‘کرشنگ سیزن انتظامات مکمل نہ کرنے اور کسانوں کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پتوکی شوگر مل کا سٹور سیل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے تحصیل پتوکی کا اچانک دورہ کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پتوکی آصف علی ڈوگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے دوران ٹی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات ‘بیوٹیفکیشن اورپلانٹیشن کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے میڈیسن سٹور ‘تمام وارڈز‘ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کو طبی سہولیات ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے اراضی ریکارڈ سینٹر پتوکی کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے سینٹر پر دی جانیوالی سہولیات بارے دریافت کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سینٹر انچارج کو ہدایت کی کہ یہاں آنیوالے تمام شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور وقت ضائع کئے بغیر انہیں مطلوبہ سہولت فراہم کی جائے ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے پتوکی شوگر مل کا بھی دورہ کیا اور کرشنگ سیزن کے حوالے سے انتظامات مکمل نہ کرنے اور کسانوں کو بقایا جات کی ادائیگی میں پیش رفت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور شوگر مل کے سٹور کو سیل کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سٹور اس وقت تک سیل رہے گا جب تک مل مالکان کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی کر کے گنے کی خریداری کا آغاز نہیں کر تے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے اسسٹنٹ کمشنرپتوکی آصف علی ڈوگر کے آفس کا دورہ کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں تحصیل پتوکی میں جاری مختلف تعمیراتی پراجیکٹس ‘کلین اینڈ گرین پروگرام اور حکومت پنجاب کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں