ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

پولیو مہم 21جنوری سے شروع ہو گی ‘6لاکھ 45ہزارسے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائینگے ‘پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد کی بریفنگ والدین اپنے بچوں کو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں‘مہم کی کامیابی کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا ‘صاحبزادی وسیمہ عمر

بدھ 16 جنوری 2019 18:27

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ‘21تا 24جنوری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 45ہزار914بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی ۔ پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی ۔

اسسٹنٹ کمشنر پتوکی ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر لائیق چوہدری اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ پروگرام ڈائریکٹر محمد خالد نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے بعد 24تا 25جنوری دو روزہ فالو اپ مہم بھی چلائی جائیگی جس دوران کسی وجہ سے محروم رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے 1473ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے اور تمام انسداد پولیو ورکرز کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکموں کے افسران و اہلکار اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انسداد پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے جامعہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے ۔ ٹریفک پولیس اور سول ڈیفنس کے رضا کار بھی متحرک کردار ادا کریں اسی طرح ٹرانزٹ پوائنٹس پر صفائی کیلئے میونسپل کمیٹیاں بھرپور اقدامات یقینی بنائیں ۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر قصور نے پولیو مہم دسمبر 2018ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران جن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر لائیق چوہدری ‘پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ سرویلنس کوارڈینیٹر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ‘ڈپٹی ڈی ڈی ایچ اوز منصور اشرف ‘اکرم ریحان ‘اقبال جاوید ‘فراز احمد ‘یونین کونسلز کے انچارجز اور ٹیم ممبران میں میڈلز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں