شہریوں میں بھی ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے‘وسیمہ عمر

ڈینگی مچھر کا لاروا ملنے کی صورت میں وافر مقدار میں ادویات، فوگر پمپس، ڈی واٹرنگ کیلئے سیٹ موجو د ہیں‘ڈپٹی کمشنر قصور

ہفتہ 16 مارچ 2019 17:12

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی سرویلینس اور انسداد ڈینگی کیلئے تمام محکمے الرٹ رہیں، شہریوں میں بھی ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز چوہدری محمد ارشد، رانا محمد شہزاد، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس کاٹھیا سمیت ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں انسداد ڈینگی سرویلینس کیلئے 549ان ڈور اور112آئوٹ ڈور ٹیمیں متحرک ہیں، ڈینگی مچھر کا لاروا ملنے کی صورت میں وافر مقدار میں ادویات، فوگر پمپس، ڈی واٹرنگ کیلئے سیٹ موجو د ہیں۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے بتایا کہ چاروں تحصیلوں میں ہاٹ سپاٹس اور ہائی رسک ایریا ز کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

انہوںنے بتایا کہ سال 2018میں ضلع قصور میں کوئی بھی ڈینگی بخار کا کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ضلع کے آٹھ ہسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیص، علاج کی سہولت موجود ہے۔انہوںنے بتایا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں سے وابستہ محکمہ صحت کی1461ملازمین ، مختلف محکموں کے فوکل پرسنز ، سرکاری کالجز میں بیالوجی کے لیکچررز کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، تمام ڈیپارٹمنٹ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دیں، سرویلینس ٹیمیں کباڑ خانوں، فیکٹریوں، قبرستانوں، کھلے مقامات، تالابوں پر خصوصی نظر رکھیں اور جہاں ضروری ہو فشریز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ان تالابوں میں مچھلی ڈال دی جائے۔

انہوںنے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہفتہ وار انسداد ڈینگی کمیٹی کا باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں جبکہ ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد منعقد کیا جائے گا۔ انہوںنے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے گھر میں پانی جمع کرنے والے برتن کو ڈھانپ کر رکھیں، اے سی ، فریج سے نکلنے والا پانی زیادہ دیر جمع نہ ہونے دیا جائے، رسنے والے پانی کے پائپ فوری مرمت کرائے جائیں، روم کولر جب زیر استعمال نہ ہو تو اس میں سے پانی نکال دیا جائے، مچھر سے بچائو کیلئے کوائل ، لوشن یا میٹ استعمال کریں اور گھر کے صحن اور چھت پر کوڑا کرکٹ ، پرانے ٹائر، بچوں کے کھلونے وغیر ہ نہ پڑے رہنے دیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں