محکمہ ہیلتھ قصور کی سموگ سے بچائو بارے آگاہی مہم شروع، شہریوں میں آگاہی پمفلٹس اور ماسک تقسیم

جمعہ 8 نومبر 2019 23:22

-قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات کی ہدایت پر محکمہ ہیلتھ قصور کی سموگ سے بچائو بارے آگاہی مہم شروع ، سی ای او ہیلتھ قصور نے شہریوں میں آگاہی پمفلٹس اور ماسک تقسیم کئے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی قصور ڈاکٹر نذیر احمد نے شہر کی مختلف شراہوں پر سموگ سے بچائو اور احتیاطی تدابیراختیار کرنے کے حوالے سے شہریوں میں پمفلٹس اور فیس ماسک تقسیم کئے ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سموگ کا موسم شروع ہے لہٰذا عوام الناس احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ سموگ نزلہ،زکام،آنکھوں اور سانس کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔سموگ کی صورت میں باہر جاتے وقت چشمے اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیںاوربلا ضرورت سفر کرنے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

سفر کے دوران یا بعد میں آنکھوں کو پانی سے اچھی طرح دھوئیں، ہلکا اور ڈھیلا ڈھالا لباس پہنیں، سر پر ٹوپی یا رومال ضرور رکھیں اور ناک و منہ کو ماسک یا رومال سے ڈھانپ کر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں خصوصی سموگ کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں اور شہریوں کو سموگ سے بچائو اور احتیاطی تدابیر اختیا ر کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ بعداز اں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نذیر احمد نے مختلف جگہوں پر ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور ڈینگی ٹیموں کو چیک کیا اور مختلف گھروں میں جا کر ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے رائے ونڈ روڈ پر پانیر گیس فیکٹری کی چیکنگ کے دوران ڈینگی لاروا ملنے پر فیکٹری منیجر طارق محمود کیخلاف متعلقہ تھانہ راجہ جنگ میں ایف آئی آر بھی درج کروائی دی ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں