قصور،دھواں چھوڑنے والے بھٹوں ، بھٹیوں ،فیکٹریوں اور گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون

منگل 3 دسمبر 2019 17:34

قصور۔3 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2019ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات کے حکم پر محکمہ تحفظ ماحول قصور کا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں ، بھٹیوں ،فیکٹریوں اور گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون ، تقریباً290بھٹے،بھٹیاںسیل 35مالکان کیخلاف مقدمات درج ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور محمد نواز سیال کے مطابق ماہ نومبر کے دوران ضلع بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی پابندی کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 250بھٹے سیل کر کے 25مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے اور 149بھٹہ مالکان نے رضا کارانہ طور پر بھٹے بند کئے ۔

اسی طرح 40گملے پکانے والی بھٹیوںجو کہ غیر معیاری ایندھن استعمال کر رہی تھیں کو بھی سیل کیا گیا اور 10مالکان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح محکمہ ٹریفک پولیس کیساتھ ملکر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف بھی کریک ڈائون کیا گیا اور ماہ نومبرکے دوران 410گاڑیوں کے چالان اور 1لاکھ 61ہزار 300روپے جرمانہ کیا گیا ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور محمد نواز سیال نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر قصور کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں ، بھٹوں ، کارخانوں اور فیکٹریوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں