قصور، کمشنر لاہور کا قصور کا اچانک دورہ، دکانوں پر آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا

پیر 20 جنوری 2020 22:50

قصور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم کا قصور کا اچانک دورہ ‘دکانوں پر آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے آٹے کی دستیابی اور قیمت کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات ، اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ذوالفقار احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔

کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے مصطفیٰ آباد ، قصور شہر ، راجہ جنگ ، اٹھیل پور ، رائو خانوالااور دیگر مقامات پر دکانوں پر آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا اور آٹے کے سٹاک کو چیک کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شہریوں سے بھی آٹے کی دستیابی اور قیمت کے حوالے سے دریافت کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر لاہو رڈویژن سیف انجم نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کی دستیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، دکانوں پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے اور مقررکردہ قیمت 20کلو آٹے کا تھیلا 805روپے میں شہری بآسانی خرید سکتے ہیں ۔

انہوں نے آٹے کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر فلو ر ملوں کیلئے گندم کی سپلائی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ سیل پرائنٹس پر آٹے کی فروخت کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کو ریلیف دینے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کواعتدال میں رکھنے کیلئے منڈیوں میں نیلامی سے لیکر بازاروں میں فروخت تک کے ہر مرحلے کی انتظامی سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں چیزوں کی فروخت کی سخت چیکنگ کر رہے ہیں ۔

علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن نے صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیااور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائے جائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں