قصور۔ ڈپٹی کمشنر قصورمنظر جاوید علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 6 اپریل 2020 19:24

قصور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) ڈپٹی کمشنر قصورمنظر جاوید علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں نئے تعینات ہونیوالے ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ تعیناتی کے پہلے روز تمام سرکاری محکموں کے ضلعی افسران نے انکے آفس میں ملاقات کی اور اپنے اپنے محکموں کے بارے میں تفصیلاً بریفگ دی ۔

ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے اس موقع پر تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں ۔حکومت پنجاب کی جانب سے عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کرونا سے بچائو کیلئے اقدامات ، لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد اور اسکی وجہ سے متاثر ہونیوالے افراد کی بحالی کیلئے بھرپور کوشش کی جائے ۔

(جاری ہے)

غریب ، نادار اور ضرورت مند افرادکو مالی امداد اور راشن کی تقسیم میں شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آٹا، چینی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی اور فروخت اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا امتیاز سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس سے اپیل کی وہ کرونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری میل جول سے اجتناب کریں اور کرونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں تا کہ اس موذی وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں