ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کا ضلع قصور کا دورہ ، شہر میں صفائی ستھرائی اورکرونا سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا

پیر 6 جولائی 2020 22:37

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے ضلع قصورکادورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی ستھرائی اورکرونا سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی، کوٹ رادھاکشن، چھانگا مانگا، الہ آباد ،کھڈیاں،سٹی قصور اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

پتوکی میں ڈی پی ایس سکول کی زیر تعمیر بلڈنگ کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کا م کا جائزہ لیااورہسپتالوں کے دورہ کے موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین کو دی جانیوالی سہولیات کا بھی جائز ہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمرا ہ تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر زنے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحوال فراہم کرنے کیلئے ٹائون کمیٹیز کے افسران مربوط حکمت عملی سے اقدامات کریں ۔

عوام کو سہولیات کی فراہمی ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ شہر کی صفائی ستھرائی اور پانی کے نکاس کیلئے بہترین حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں ۔ انہوںنے عملہ کو صفائی ستھرائی کے امور کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اورہدایت کی کہ شہر کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوںنے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض د لجمی کیساتھ سرانجام دیں اور عوامی شکایات کے فوری حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں ۔

پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عوام الناس کو صحت کی مفت اورمعیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں کورونا وائرس سے بچائوکیلئے احتیاطی تدابیر اپنا کر اورحکومتی ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اپناقومی فریضہ سرانجام دینا ہوگا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کرونا سے بچائو کیلئے مارکیٹوں اور بازاروں میں حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اورخلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں