خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح وبہبود پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق

حکومت پنجاب خصوصی طلباء کوفری سفری سہولیات ، ماہانہ وظیفہ، یونیفارم، ہاسٹل کی سہولت کیساتھ فری کتابیں فراہم کر رہی ہے ‘جدید کورس متعارف کروائے جا رہے ہیں ‘تعلیم کی رسائی کیلئے پنجاب بھر میں مزید سپیشل ایجو کیشن کے ادارے قائم کئے جا رہے ہیں ‘ خصوصی طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ‘صوبائی وزیر کا سپیشل سکولوں کے بچوں کیلئے 4نئی بسوں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 ستمبر 2020 17:26

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن پنجاب چوہدری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح وبہبود پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘حکومت پنجاب خصوصی طلباء کوفری سفری سہولیات ، ماہانہ وظیفہ، یونیفارم، ہاسٹل کی سہولت کیساتھ فری کتابیں فراہم کر رہی ہے اور جدید کورس متعارف کروائے جا رہے ہیں ‘پنجاب بھر میں مزید سپیشل ایجو کیشن کے ادارے قائم کئے جا رہے ہیں تا کہ تعلیم کی رسائی ہر خصوصی بچے کیلئے ممکن ہو سکے ‘ خصوصی طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تا کہ وہ تعلیم یافتہ ہو کر معاشرے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول برائے متاثرہ سماعت قصور میں سپیشل سکولوں کے بچوں کیلئے 4نئی بسوں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجو کیشن پنجاب پرویز اقبال ، ڈی او سپیشل ایجو کیشن طاہر حسین غازی ، سی ای او ایجو کیشن قصور ناہید واصف ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نصیر اقبال سندھو ، گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول برائے متاثرہ سماعت میڈم زرینہ واحد ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیصر ایوب شیخ ، ضلع کے تمام سپیشل سکولوں کے پرنسپلز ، اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر سپیشل ایجو کیشن چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کا اہم جز ہیں اور پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور میں خصوصی بچوں کیلئے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب کا شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو حکومت کی جانب سے 800روپے ماہانہ وظیفہ، سال میں تین بار یونیفارم، رہائش کی سہولت کیساتھ ساتھ فری ٹرانسپورٹ سروس مہیا کی جا رہی ہے اور پنجاب بھر میں اے ڈی پی سکیم کے تحت مرحلہ وار 51نئی جدید بسیں تقسیم کی جا چکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے 72 سال میں سپیشل ایجوکیشن کی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت میں پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی مرتب کی گئی ہے جس کی کابینہ سے منظوری ہوچکی ہے ۔ چوہدری اخلاق نے کہا کہ سپیشل سکولوں میں بہت قابل طلبا زیر تعلیم ہیں جن کو انٹر نیشنل لیول کی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا رہاہے جبکہ اس سے پہلے خصوصی طلباء کی تعلیم و تربیت پر توجہ نہ دی جاتی تھی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت میں سپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی 104 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی ہے جس پر خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس سٹی تعمیر کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 585 اساتذہ کی بھرتی ہو چکی ہے جبکہ مزید اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔ حکومت نے مظفر گڑھ، راولپنڈی، بھکر، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، خانیوال اور لیہ میں نئے سپیشل ایجوکیشن سینٹر قائم کئے ہیں جبکہ ساہیوال اور بہاولپور میں بچیوں کیلئے سیکنڈری سکول اور سرگودھا اور ڈی جی خان میں ڈگری کالج قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ17 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں خصوصی افراد کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ محکمہ نے پنجاب کے 14 اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن کے اداروں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ صوبہ کے 147 خصوصی تعلیم کے اداروں میں لائبریری کیلئے ایک کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں اساتذہ اور عملہ کے تبادلہ کے حوالے سے موثر پالیسی مرتب کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ والدین کو خصوصی بچوں سے متعلق رہنمائی اور شکایات کے انداج کیلئے ہیلپ لائن 1162 قائم کی گئی ہے۔ اساتذہ اور عملہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے اداروں میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب جبکہ تعلیمی اداروں اور بسوں میں بہتر مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اداروں سے متعلق مناسب آگاہی نہ ہونے کے باعث والدین اپنے خصوصی بچوں کو سنٹرز میں داخل نہیں کروا پاتے۔

محکمہ آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو ان اداروں سے متعلق معلومات فراہم کر رہا ہے تاکہ والدین اپنے خصوصی بچوں کو سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کروا کر تعلیم کے زیور سے آراستہ کر سکیں ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اور دیگر افسران نے سکول ہذا کے لان میں پودے بھی لگائے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں