ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا سہولت بازاروں کادورہ ‘پھلوں ، سبزیوں ، آٹا ، گھی ، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا

ضلع میں سہولت بازاروں کی تعداد10 کر دی گئی ‘شہریوں کو 10تا 20فیصد ریلیف دیا جا رہا ہے ‘ عابد حسین بھٹی

پیر 26 اکتوبر 2020 17:23

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی کا مختلف سہولت بازاروں کا اچانک دورہ ‘پھلوں ، سبزیوں ، آٹا ، گھی ، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سہولت بازاروں میں صفائی ستھرائی اور شہریوں کو دی جانیوالی سہولیات کو بھی چیک کیا ۔سہولت بازار قصور دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجا ب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں سہولت بازاروں کی تعداد 10ہو چکی ہے جہاں پر شہریوں کو 10تا 20فیصد تک مختلف اشیاء میں ریلیف دیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پہلے 8سہولت بازار قائم کئے گئے تھے جبکہ انکی تعداد میں مزید اضافہ کر کے 10کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سہولت بازار سٹی قصور،مصطفی آباد ، کھڈیاں خاص ، پتوکی ،پھولنگر ،حبیب آباد، چونیاں ،الہ آباد ، کنگن پور اور کوٹ رادھاکشن شامل ہیں جہاں سے شہری روزانہ کی بنیاد پر سستی اور وافر مقدار میں اشیاء کی خریداری کر رہے ہیں ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عابد حسین بھٹی نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ، محکمہ زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام سہولت بازاروں میں ڈیمانڈ کیمطابق معیاری پھلوں اور سبزیوں، گوشت، دالوں، چینی، آٹاکی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور مقررہ قیمتوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں