ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 5لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ‘ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل

ہفتہ 18 ستمبر 2021 22:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی اظہر عباس نقوی ، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر امتیاز احمد اولکھ ، ایم ایس ڈاکٹر لئیق چوہدری ، اے ایم ایس ڈاکٹر فیاض احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم 20ستمبر سے شروع ہو رہی ہے جو 24ستمبر 2021تک جاری رہے گی ۔مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 5لاکھ 35ہزارسے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔ مہم کی کامیابی کیلئے 1882موبائل ٹیمز ، 131فکسڈ ٹیمز ، 57ٹرانزٹ ٹیمیں اور4ہزار 447پولیو ورکرز ڈیوٹی دینگے اور مہم کے دوران کوروناسے بچائو کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔ اس مہم میں محکمہ ہیلتھ کیساتھ ساتھ ایجو کیشن ، سوشل ویلفیئر ، پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر محکمے بھی اپنی خدمات سرانجام دینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے کو پولیو ویکسین پلا کر ملک باالخصوص ضلع کو مستقبل کیلئے صحت مند بنانا ہے جس کیلئے ہم سب کو ملکر کوشش کرنا ہوگی کیونکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔والدین بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلوائیں اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں