ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس

بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ اور کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ‘ڈی سی فیاض احمد موہل

جمعہ 26 نومبر 2021 17:01

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میںمنعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ارشد بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر اسد علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی نیلہ ‘بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، بھٹہ ورکریونین کے عہدیداران اور مزدوروںنے شرکت کی ۔

اجلاس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات ، کم از کم اجرت پر عملدرآمد ‘جبری مشقت ‘سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراسمیت دیگر معاملات کا تفصیلا جائزہ لیا گیا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر بھٹہ مالکان کیخلاف 2ایف آئی آر ز درج کروائی گئی ہیں اور کم اجرت کی خلاف ورزی پر 42بھٹہ مالکان کیخلاف چالان جمع کرائے گئے اور 476سوشل سیکورٹی کارڈ بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا کہ حکومت نے پتھیر بھٹہ لیبر کی کم از کم فی ہزار اینٹ اجرت 1480روپے مقرر کی ہے اس سلسلے میں تحصیل قصور میں جن ورکرز نے پیشگی نہیں لی ہوئی انکو فی ہزار اینٹ 1600روپے تک اجرت ادا کی جارہی ہے اور کم اجرت دینے والے بھٹہ مالکان کیخلاف چالان ضلعی مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کروائے جا رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر کو ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ اور کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔

مزدوروں کیلئے زیادہ سے زیادہ سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجرا اور بھٹوں پر کم از کم حکومتی اجرت پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تحصیل لیبر آفیسر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرکیساتھ میٹنگ کرکے لائحہ عمل ترتیب دیں اور بھٹوں پر چیکنگ کے عمل کو تیز کریں جہاں حکومتی اجرت پر عملدرآمد نہیں ہو رہا وہاں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں