ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن جاوید اقبال کا انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلہ میں ضلع قصور کا دورہ

جمعرات 2 دسمبر 2021 18:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن پاکستان جاوید اقبال کا انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلہ میں ضلع قصور کا دورہ ‘ٹیموں کی کارکردگی اور انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے عمل کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور محمد جمیل بھی ہمراہ تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن جاوید اقبال نے شہر قصور کے مختلف علاقوں کوٹ غلام محمد ، ڈنگی پورہ ،بھٹہ گوریا والا ،فضل خان کالونی ،نفیس کالونی ، بستی برات شاہ ، کھارا روڈ اور دیگر علاقوں میں جا کر انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے دروازوں پر کی گئی نمبرنگ ، ویری فائنگ آفیشلز ، سپر وائزرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کی کارکردگی کو چیک کیا اور شہریوں سے ووٹر ز کی آگاہی اور ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے معلومات دریافت کیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ لیکشن کمیشن کا ووٹرز کی فہرست کو حتمی شکل دینے کیلئے ووٹرز کی گھر گھر جا کر تصدیق کا عمل جاری ہے جو 6دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگاتا کہ بلدیاتی الیکشن اور 2023 کے عام انتخابات کیلئے شفاف اور غلطی سے پاک ووٹرز لسٹ کو بروقت تیار کیا جا سکے ۔شہری الیکشن کمیشن کی ووٹر رجسٹریشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیںتا کہ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے مرد وخواتین اپنا ووٹ رجسٹرڈ کرا کر آئندہ انتخابی عمل میں اپنا ووٹ کاسٹ کرکے قومی فریضہ سرانجام دے سکیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ معذور مرد اور خواتین کے ووٹ رجسٹرڈ پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایسے علاقے جہاں خواتین کی ووٹر رجسٹرڈ کی شرح کم ہے ان علاقوں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے ووٹ کا اندراج کروائیں ۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن جاوید اقبال کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور کے آفس میں ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجو کیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں کمیٹی کے تمام ممبران ، سماجی تنظیموں کے نمائندگان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ انہوں نے تمام اراکین کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں میں آگاہی پیدا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ووٹرز تصدیقی عملے کیساتھ مکمل تعاون کریںاور اپنے شناختی کارڈ کے مستقل اور موجودہ پتہ کے مطابق ٹھیک انتخابی علاقے میں ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں