آزادی کے دن کو منفرد طریقے سے منانے کیلئے چھانگا مانگا جنگل میں شجرکاری کی گئی ہے، صوبائی وزیر جنگلات

اتوار 14 اگست 2022 18:10

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) صوبائی وزیر فاریسٹ و وائلڈلائف پنجاب سید عباس شاہ نے کہاکہ آزادی کے دن کو منفرد طریقے سے منانے کیلئے چھانگا مانگا جنگل میں شجرکاری کی گئی ہے، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے،شجرکاری نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی ضرورت ہے، آزادی کے دن ہر ڈسٹرکٹ میں شجرکاری کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے 75واں یوم آزادی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پرچھانگامانگاجنگل میں پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر فاریسٹ سید عباس شاہ نے کہا کہ صوبے میں ایک بلین درخت لگائے جا رہے ہیں‘ شجرکاری کو ہماری آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں مددگار ثابت ہوگی‘ چھانگا مانگا جنگل ہمارا تاریخی ورثہ ہے یہ بین الاقوامی حیثیت کا حامل ہے، درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں‘پودے ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں، شہری اپنے گھروں،زمینوں اور دفاتر وغیرہ میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر شہری اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں اور اسکی نگہداشت کریں۔ اس موقع پر ضلعی افسران اورطلبہ کی کثیرتعدادبھی موجودتھی،صوبائی وزیر فاریسٹ و وائلڈلائف پنجاب سید عباس علی شاہ نے طلبہ کے ہمراہ پودے لگائے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں