قصور اسکینڈل پر مبنی ڈاکیومنٹری نیویارک فیسٹیول میں نامزد

بدھ 1 مارچ 2017 19:45

قصور ، نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) قصور میں بچوں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل پر بننے والی ڈاکیومنٹری کو رواں سال منعقد ہونے والے نیویارک فیسٹیول میں نامزد کرلیا گیا۔’قصور لوسٹ چلڈرن‘ کے عنوان سے 48 منٹ دورانیہ پر مشتمل یہ ڈاکیومنٹری متاثرین کو انصاف دلانے والے ایک ایسے کارکن کی کہانی ہے جو قصور میں سامنے آنے والے اس اسکینڈل کی تحقیقات کرتا ہے۔

اس ڈاکیومنٹری کی ہدایات اور پروڈکشن پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید نے کی ہے، جسے چینل نیوز ایشیا کی ایوارڈ یافتہ تحقیقاتی سیریز انڈرکور ایشیا کے تیسرے سیزن میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔خیال رہے کہ جولائی 2015 میں یہ اسکینڈل اٴْس وقت میڈیا کی خبروں کی زینت بنا جب صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے حسین خان والا گاؤں میں سیکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، بھتہ وصولی، دھمکانے اور اس دوران ان کی ویڈیوز بنانے پر پولیس نے 15 افراد کو مقدمے میں نامزد کرکے 3 کو گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے درج کیے جانے والے مقدمے کے مطابق مذکورہ گینگ 2009 سے علاقہ مکینوں سے لاکھوں روپے بھتہ اور زیورات وصول کرتا آرہا ہے جبکہ اس دوران کم عمر لڑکوں سے زیادتی اور لڑکیوں سے ریپ کی ویڈیوز بھی بناتا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق گاؤں کے تمام افراد اس حوالے سے آگاہ تھے تاہم گینگ کے ملزمان کے اعلیٰ سطح پر تعلقات کے وجہ سے پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہمت نہیں کرسکے۔۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں