فنکار تھیٹرز نہ کھلنے پر اداس،عید بغیر کسی خوشی کے گزرے گی

حکومت کو چاہیئے تھا کہ اس عید پر روزگار کی بحالی کا تحفہ دیتی‘نسیم وکی‘فنکاروں کی عید کی خوشیاں ماند کردی گئی ہیں‘عمران شوکی تھیٹرز کھلنے کی امید عید کے بعد بھی نہیں لگ رہی ،تابندہ علی،حکومت نے فنکاروں کو بھوکا مارنے کی تیاری کرلی ہے‘ندا ملک

جمعرات 21 مئی 2020 14:51

فنکار تھیٹرز نہ کھلنے پر اداس،عید بغیر کسی خوشی کے گزرے گی
کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) عید الفطر پر تھیٹرز کی بحالی نہ ہونے پر فنکاروں میں اداسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اداکار نسیم وکی کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیئے تھا کہ تھیٹرزکی بندش ختم کرکے اداکاروں کو اس عید پر روزگار کی بحالی کا تحفہ دیتی مگر افسوس ایسا کچھ نہیں کیا گیا۔اداکار عمران شوکی نے کہاکہ تھیٹرز اوپن نہ کرکے فنکاروں کی عید کی خوشیاں ماند کردی گئی ہیں۔

فلمسٹار تابندہ علی نے کہاکہ جو سلوک اس حکومت میں فنکاروں کے ساتھ کیا جارہاہے کبھی کسی دور حکومت میں نہیں کیا گیا عید پر تھیٹرز نہ کھولنے کے فیصلہ سے لگتاہے کہ عید کے بعد بھی تھیٹرز نہیں کھولے جائینگے۔فلمسٹار تابندہ علی کا کہنا تھا کہ جس طرح دوسرے کاروبار ایس او پیز کے ساتھ کھولے گئے ہیں اسی طرح تھیٹرز کو بھی کھولا جاتا تو وباء سے ڈری عوام اور فاقوں کے ہاتھوں شکار بننے والے فنکاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ جاتی مگر لگتا ہے اس حکومت نے فنکاروں کو بھوکا مارنے کی تیاری کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

اداکارہ نادیہ علی کا کہنا ہے کہ تھیٹرز کھلنے سے رونقیں لوٹ آتیں مگر لگتا ہے کہ فنکاروں کی قسمت میں یہ خوشیاں یہ رونقیں نہیں ہیں۔اداکار سخاوت ناز کا کہنا تھا کہ تھیٹرز کھلنے سے ایک بہت بڑا ریونیو اکٹھا ہونا تھا جو ملکی ترقی اور معیشت میں اہم کردار اداکرتا مگر لگتا ہے حکومت اس معاملے میں سیریس نہیں ہے۔اداکارہ دیا جٹ کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو ہمیشہ طفل تسلیاں دی جاتی رہی ہیں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا اگر یہی روش رہی تو ملک کا نام بلند کرنے والے اداکار مزدوری کرتے نظر آئیں گے۔

اداکارہ فیروزہ علی کا کہنا تھافنکاروں کے پاس کوئی جمع پونجی بھی نہیں ہے کہ وہ بیٹھ کر کھائیں ان کا یہی ذریعہ روزگار ہے جو دوماہ سے بند کردیا گیاہے ان کی حکومتی سطح پر بھی مدد نہیں کی جارہی۔کامیڈین غفار لہری کا کہنا ہے کہ اداکاروں کی کثیرتعداد غریب ہے اور کرائے کے گھروں میں رہتی ہے ان کا اس لاک ڈائون میں بہت برا حال ہے اوپر سے تھیٹرز اور شوزکی بندش نے انہیں اور زیادہ مفلسی کا شکار بنا دیاہے اس لیئے وہ فاقوں کے ھاتھوںمرنے پر مجبور ہوچکے ہیں اس لیئے شوبز سرگرمیاں جاری رہنی چاہیئے تاکہ ان کا روزگار چل سکے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں