پانی کی کمی کے باوجود چشمہ کو کھلا رکھنا سندھ کے عوام کیساتھ زیادتی ہے،مراد علی شاہ

مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ کا کیس موجود ہے پانی کی تقسیم معاہدے کے مطابق نہیں ہورہی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

منگل 31 اگست 2021 23:29

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2021ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی کی کمی کے باوجود چشمہ، جھلم لنک کینال اور تونسا پنجندکو کھلا رکھنا سندھ کے عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے لیکن موجودہ پانی کی تقسیم برابری کی بنیاد پر کرکے سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیاجائے تاکہ بحران سے بچا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانی پور میں جیلانی ہاس میں رکن قومی اسمبلی پیر سید فضل شاہ جیلانی اور رکن سندھ اسمبلی پیر سید احمد رضا شاہ عرف سید پیار علی شاہ سے ان کے بھائی پیر سید رفیق احمد شاہ جیلانی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ، صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ، رکن قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ جیلانی، وزیر اعلی سندھ کے مشیر حاجی نواب خان وسان، کمشنر سکھر ڈویڑن شفیق احمد مہیسر، ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی، ڈپٹی کمشنر خیرپور راجا طارق چانڈیو، ایس ایس پی خیرپور ظفر اقبال ملک اور دیگر انتظامی افسران و سیاسی قائدین موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کی کمی سندھ کے عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے، مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ کا کیس موجود ہے پانی کی تقسیم معاہدے کے مطابق نہیں ہورہی ہے اور اٹارنی جنرل کی رپورٹ میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ پانی کی تقسیم کے بارے میں نافذ قانون اور معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت سندھ میں پانی کا شدید بحران ہے، فصل تیار ہیں جن کو پانی نہیں مل رہا جبکہ عوام کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں کراچی میں پانی کا بحران پیدا ہونے والا ہے، عمر کوٹ کی چوٹیاری ریزروو وائر میں پانی نہیں ہے اور سارا علاقہ تڑپ رہا ہے اسی وقت وفاق چشمہ جہلم لنک کینال اور تونسا پنجند میں پانی چھوڑ رہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے۔

پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت میں خود اور وزیر آبپاشی جام خان شورو اس معاملے پر روزانہ کی بنیا دپر آواز اٹھاتے ہیں اس وقت پانی کے معاملے پر حالات سنگین ہیں اور وفاقی حکومت کے سامنے آواز بلدن کرتے رہیں گے، دریا ں میں پانی کی کمی ضرور ہے لیکن جو پانی موجود ہے اس میں تقسیم برابری کی بنیا دپر کرکے سندھ کے عوام کو اپنا حصہ کا پانی دیا جائے۔

افغانیوں کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ افغان پناہ گزین کو سندھ میں آباد کرنے یا رکھنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، کورونا اتنا نہیں پھیلا جتنی غلط خبریں پھیل رہی ہیں۔اس سلسلے میں وفاق کی جانب سے کبھی آگاہی نہیں دی گئی ہے ایک بات ہوئی جس سے بدامنی اور پہلے جھگڑے کی صورتحال پیدا نہ ہو نے کی یقین دہانی پر بات کی گئی تھی، سندھ حکومت ذمہ دار حکومت ہے اس سلسلے میں فیصلہ امن و امان اور دیگر معاملات دیکھ کر کیا جائے گا اس معاملے پر وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی جانب سے تمام حلقوں میں ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں اور رانی پور میں اس وقت تک ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی کام ہورہے ہیں پیر سید فضل شاہ جیلانی نے تعزیت کے پروگرام کے باوجود عوام مسائل اور ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں مجھے کہا ہے ضلع میں مزید ترقیاتی کام اور اسکیمیں دی جائیں گی۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں سے کم نہیں ہونگی اس سلسلے میں مزید اقدامات کیے جارہے ہیں اچھی نوید سامنے آئے گی

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں