ڈی ایم او خیرپور کا مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ

بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، عبدالفتاح ہلیو

پیر 9 جولائی 2018 16:55

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسروڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین وسان، اسسٹنٹ کمشنر خیرپور غلام شبیر جسکانی کے ساتھ گورنمنٹ بوائز اسکول فیض آباد کالونی، گورنمنٹ پریکٹیسنگ اسکول چھتری چوک، ہائی اسکول ٹھیڑی، ضلع کونسل خیرپور ، گورنمنٹ بوائز اسکول حاجانا، گرلز ہائی اسکول نظامانی، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول آٹیری سمیت دیگر اسکولوں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ۔

دورے کے دوران ایجوکیشن ورکس کے انجینئروں کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور پولنگ اسٹیشنوں میں تعمیراتی کام کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی ۔ ڈی سی خیرپور نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات قومی کاز ہے جس کو صاف شفاف بنانے سمیت پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ اسٹاف اور ووٹرز کو سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ترقیاتی کام 22 جولائی تک مکمل کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجینئر عبدالقادر شیخ نے ڈی سی خیرپور کو بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں جاری کام مقررہ وقت سے قبل مکمل کرکے رپورٹ ڈی سی آفس میں دی جائے گی ۔ ادھر دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے ایس او ایس چلڈرن ولیج خیرپور کا دورہ کیا جہاں ان کو چلڈرن ولیج کی انچارج نے بتایا کہ چلڈرن ولیج میں غریب، نادار، یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے 15 شیلٹر ہائوس تعمیر ہوچکے ہیں جہاں تمام بچوں کو یکساں طور پر تعلیم، صحت، کھانے پینے ، رہائش سمیت تفریح کے لیے سرگرمیاں وقفے وقفے سے جاری رہتی ہیں اور ان تمام بچوں کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں جبکہ چلڈرن ولیج سندھ حکومت کی مالی مددسے 2016 میں تعمیر کیا گیا تھا جس کو فعال بنانے میں معززین شہر، سماجی تنظیموں ، مخیر حضرات اور سماجی رہنمائوں کا کردار شامل حال ہے بعد ازاں ڈی سی خیرپور نے تما م شیلٹر ہائوسز کا دورہ کرکے وہاں موجود بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے تعلیم، صحت، کھانے ہینے اور دیگر سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں