ڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے خیرپور میڈیکل کالج اسپتال پہنچ کر مریضوں میں مٹھائی ، پھل اور تحائف تقسیم کیے

بدھ 15 اگست 2018 17:54

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) اگست یوم آزادی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے خیرپور میڈیکل کالج اسپتال پہنچ کر مریضوں میں مٹھائی ، پھل اور تحائف تقسیم کیے اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، ڈاکٹر مراد علی خمیسانی اور دیگر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام مریضوں کو بلا تفریق انسانیت کے جذبے کی خدمت کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں ۔

دریں اثناء شہید بینظیر بھٹو اوپن ائیر تھیٹر میں ضلعی انتظامیہ اور خیرپور آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے لگائی گئی تصویری اور بک فیئر کا دورہ کیا دورے کے دوران ڈی سی خیرپور نے پاکستان اور خیرپور کی تاریخ کے حوالے سے کتابوں اور تصویروں میں اپنی خاص دلچسپی کا اظہار کیا اس موقع پر آرگنائزر سید اکبر شاہ نے ڈی سی خیرپور کو نمائش اور بک فیئر کے بار ے میں تفصیل سے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ادھر دوسری جانب سینٹرل جیل خیرپور میں یوم آزادی قومی اور ثقافتی نغموں کا مقابلہ منعقد ہوا جس کے بعد قیدیوں کو بڑا کھانا دیا گیا۔ جشن آزادی کے سلسلے میں خیرپور جیم خانہ کلب میں محکمہ سماجی بہبود اور معذوروں کی تنظیم این ڈی ایف پی کے مشترکہ تعاون سے ضلعی چیئرمین شہریار وسان ،علی عنصر سندھو ، ڈی ڈی حفیظ اللہ شیخ، مسعود احمد شیخ نے آزادی کا کیک کاٹا اس موقع پر معذور افراد نے ٹیبلو اور تقاریرکیں جس کے بعد معذور افراد میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

جبکہ گورنمنٹ پاکستان کالج میں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالسلام شیخ، پروفیسر سید اصغر عباس شاہ، پروفیسر نجم الحسن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے قائد محمد علی جناح سمیت دیگر شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ یوم آزادی کے سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکز کی جانب سے چھتری چوک تا پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اے ڈی سی ون ریاض حسین وسان ، خیر محمد خمیسانی ، روٹیرین شجاعت احمد صدیقی سمیت دیگر نے کی اس موقع پر 14 اگست 1947 کی تحریک آزادی میں آزاد ریاست حاصل کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملکی ترقی، خوشحالی، سا لمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

آخر میں الفارو ۱ق اسکائوٹ خیرپور کی جانب سے جشن آزادی تقریب پھول باغ میں منعقد کی گئی جس میں ایم ایس ڈاکٹر محمد حسین ابڑو نے خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر ٹیبلوز، تقریری مقابلے ہوئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، سینئر اسکائوٹ عبدالواحد پٹھان، روٹیرین شجاعت احمد صدیقی، انجینئر عبدالکریم شیخ، مشتاق آریجو، ساجد لودھی، انجینئر خالد حسین ، عبدالحسیب اور دیگر نے کہا کہ پاکستان لاکھوں افراد کی جانب سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے بعد حاصل ہوا ہے جس کو قائم و دائم رکھنا ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اس موقع پر کیمپ فائر ہوا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں