حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت مذہبی جوش و جذبے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے ساتھ منایا جائے گا

منگل 13 نومبر 2018 23:41

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت مذہبی جوش و جذبے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے ساتھ منایا جائے گا جس کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی، امن و امان بحال رکھنے، صفائی ستھرائی ، جلوسوں کے گزرگاہوں کی مرمت ، روشنی اور حفاظتی انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خیرپور عبدالفتاح ہلیو نے ڈی سی آفس کے دربار ہال میں ربیع الاول کے انتظامات اور دیگر اقدامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں رینجرز کے کرنل عمران حیدر، اے ایس پی رائے مظہر اقبال، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرمہدی رضا سمیت سنی، شیعہ، بریلوی، دیو بندی علماء کرام، اسٹیک ہولڈر، انجمن تاجران، صحافیوں، آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرو، ٹائون اور میونسپل کمیٹیز، سیپکو، سئی گیس، صحت، پی پی ایچ آئی ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی خیرپور نے نے ربیع الاول کا مہینہ نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ ہے جس میں تمام بنی نوح انسانوں اور تمام مذاہب کے علماء کرام مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام اور چہلم صفر کی طرح ربیع الاول کے ماہ میں بھی تمام انتظامات اور اقدامات کے لیے فرائض کی انجام دہی میں اپنا موثر کردار ادا کریں ۔

انہوں نے تمام شرکاء اجلاس پر زور دیا کہ وہ اس ماہ میں پیار، محبت، یگانگت، بھائی چارے اور برداشت جیسے امور پر خاص توجہ دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ربیع الاول کے ایام کے پروگراموں کے لیے ڈی سی آفس اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ دار موجود رہیں گے۔ اے ایس پی رائے مظہر اقبال اور رینجرز کے کرنل عمران حیدر نے اجلا س سے خطاب میںکہا کہ ربیع الاول کے ماہ میں تمام تر جلوسوں اور پروگراموں کے لیے کانٹی جنسی پلان مرتب کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کرایا جائے گا قانون کی خلاف ورزی قابل برداشت نہیں ہوگی۔

ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مہدی رضا نے اجلاس کو بتایا کہ کانٹی جنسی پلان کے مطابق مجموعی طور پر 71 جلوس اور پروگرام ہونگے جس میں 6 انتہائی حساس، 11 حساس اور 54 نارمل پروگرام ہیں جبکہ 3600 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ضلع بھر کے 12 داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی ۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں