تپ دق کا مرض مضر صحت غذا ،آلودگی اوربروقت علاج معالجہ کی سہولت حاصل نہ کرنے سے پھیلتا ہے،ڈاکٹرحسین ابڑو

جمعہ 22 مارچ 2019 18:47

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) ضلع صحت افسر ڈاکٹر محمد حسین ابڑو نے کہاہے کہ صحت مند ماحول ہر بیماری سے بچائوکا ذریعہ ہے تپ دق کا مرض مضر صحت غذا ،آلودگی اوربروقت علاج معالجہ کی سہولت حاصل نہ کرنے سے پھیلتا ہے جو ایک مریض 15افراد کو متاثر کرتا ہے،خیرپور ضلع کو ٹی بی سے پاککرکے دم لیں گے عوام کو چاہئیے کہ وہ ٹی بی مرض سے نجات دلانے کے لئے آگہی کے پروگرام ترتیب دیں اور جو ٹی بی کے مریض ہیں انہیں بروقت ادویات فراہم کی جائیں غفلت لاپرواہی سے مریض اپنی جان گنوا سکتا ہے۔

ٹی بی ہسپتال میں ٹی بی سے پاک پاکستان ہاتھ میں ہاتھ دو ٹی بی مرض کے خلاف جہاد کرو کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسین ابڑونے کہاکہ ہمیں اپنے مضافات میں ٹی بی سے متاثرہ افراد کو قریبی تشخیص مرکز لائیں تاکہ اس کے مرض سے دوسرا شخص متاثر نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام سندھ کے افسر ڈاکٹر سلیم کاظمی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی بی ہسپتال خیرپور ڈاکٹر کلیم اللہ میمن،ڈاکٹر ظفر جتوئی،فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالرحیم پھنور ،اسحاق سومرو،ڈاکٹر فرخ بھنبھرو اور ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر حبیب الرحمٰن شیخ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سال2035تک دنیا بھر میں ٹی بی کے مرض پر قابو پالیا جائے گا،مقررین نے کہاکہ پانچ لاکھ کیسز سامنے آئے جن میں سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہورہے ہیں جب کہ دو لاکھ کیسز ایسے ہیں جن تک رسائی نہیں کرپائے ہیں،گزشتہ برس ٹی بی کے مرض میں مبتلا 13لاکھ افراد زندگی کی بازی ہارچکے ہیں ۔

سندھ بھر میں ایک لاکھ بیس ہزار کیسز رجسٹرڈ تھے جب کہ 48ہزار کیسز مس ہیں،مقررین نے مزید کہاکہ خیرپور ضلع کی آبادی 25لاکھ ہوچکی ہے ،ضلع بھر میں ٹی بی مرض کی تشخیص کی25مراکز 21مقامات پر کام کررہے ہیں۔قبل ازیں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسین ابڑو۔ایم ایس ٹی بی ہسپتال ڈاکٹر کلیم اللہ میمن۔ڈاکٹر ظفر جتوئی،ڈاکٹر اسد اللہ چنہ کی قیادت میں ٹی بی ورلڈ ڈے کے حوالے سے واک کیا گیا۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں