ملکی سطح پر قومی یکجہتی ، برداشت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ ضرورت وقت ہے،ڈپٹی کمشنر خیرپور

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:57

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) ملکی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر قومی یکجہتی ، برداشت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ ضرورت وقت ہے تمام مکتبہ فکر کے علما ء کرام اور رہنما چہلم شہداء کربلا کے موقع پر ایک باشعور اور تعلیم یافتہ قوم ہونے کا ثبوت دیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے ڈی سی آفس کے دربار ہال میں چہلم امام حسین کے سلسلے میں امن کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شہریار وسان، رینجرز کے کرنل عمران حیدر، اے ایس پی ڈاکٹر عمران، اے ڈی سی محمد اقبال جنڈران، ڈی ایس پی مہدی رضا، اے سی مرزا ولید بیگ، ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح سمیت شیعہ سنی اور دیگر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور رہنمائوں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی خیرپور نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں ریکارڈ امن قائم رہا اسی تناظر میں چہلم امام حسین کے موقع پر بھی افہام و تفہیم کے ساتھ نفرت انگیز تقارری سے اجتناب کیا جائے تمام مکتبہ فکر کے افراد انتظامیہ سے گذشتہ محرم کی طرح مکمل تعاون کریں۔

ضلعی چیئرمین شہریار وسان نے کہا کہ خیرپور تاریخی حیثیت کا حامل ہے جہاں محرم الحرام کے دوران پولیس، رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کامیاب منصوبہ بندی کے ساتھ امن و امان بحال رکھا جو قابل ستائش ہے ۔ کرنل عمران حیدر نے اجلاس میں کہا کہ ملک میں پاک آرمی، پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی کامیاب منصوبہ بندی سے دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی واقع ہوئی ہے برطانیہ شاہی جوڑے اور سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی سطح پر ملکی وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین کے موقع پر تمام علماء کرام سمیت دیگر افراد انتظامی امور میں ان کا ساتھ دیں اور امن و امان بحال رکھنے سمیت چھوٹے مسائل کو امن کمیٹی کی سب کمیٹی کے توسط سے حل کریں ۔ اے ایس پی سٹی ڈاکٹر عمران نے کہا کہ حفاظتی انتظامات نا صرف پولیس اوعر رینجرز کی ذمہ داری ہے بلکہ معاشرے کا ہر فرد حفاظتی انتظامات میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ۔

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مہدی رضا اور ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح نے اجلاس کو بتایا کہ چہلم امام حسین کے سلسلے میں محکمہ پولیس نے کانٹی جنسی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت ضلع بھر میںمجموعی طور پر 110 مجالس اور ماتمی جلوس ہونگے جس میں 11 انتہائی حساس، 4 حساس اور 95 نارمل پروگرام ہیں جس کی حفاظت کے لیے 3908 پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔ اجلاس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، افراد اور رہنمائوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں