خانیوال،آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد

اتوار 16 دسمبر 2018 21:30

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس لائن خانیوال میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدمعصوم نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد فیاض ‘پولیس افسران وملازمین‘صحافیوں او ربچے بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر ڈی پی او محمد معصوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اے پی ایس کے شہیدوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ‘سانحہ پشاور کے معصوم فرشتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں انہوں نے اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیے اس کی روشنی قیامت تک کم نہ ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے شہید طالب علم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے قوم کے روشن مستقبل کی آبیاری کی ہے قلم کی طاقت سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کیا جاسکتا ہے اس کے لیے ہر بچے کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈی پی ا ونے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ پولیس کا ہر افسر او رجوان پہلے سے بڑھ کرپرعزم ہو کر عوام کی خدمت کررہا ہے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریگا۔انہو ںنے مزید کہاکہ ہر ذمہ دار شہری کا یہ فرض اولین ہے کہ وہ امن دشمنوں اور جرائم پیشہ عناصر پر گہری نظر رکھیں تاکہ ان کو اپنے مذموم ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کا موقع نہ مل سکے۔بعدازاں اے پی ایس او رپولیس کے شہداء کی درجات بلندی او رملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں