خانیوال،حکومت پنجاب دور دراز علاقوں کے مسائل حل کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے،کمشنر ملتان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 16:05

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب دور دراز علاقوں کے مسائل حل کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے اور ان علاقوں میں صحت، تعلیم سمیت دیگر مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ عبدالحکیم کے دوران عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سعید ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ضلعی انتظامیہ و دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر عمائدین علاقہ نے کمشنر کو محکمہ تعلیم، صحت، ہائی ویز، مال، کالجز، بلدیہ، پولیس و دیگر محکموں سے متعلق انفرادی اور اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے نشاندہی کئے گئے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو احکامات دیے اور لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل حل کرائے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عبدالحکیم کے مسائل حل کرے، نشاندہی کئے گئے مسائل کے حل باری انتظامیہ سے فیڈ بیک لیتا اور علاقہ کا دورہ کرتا رہوں گا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری سے سر انجام دیں،سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے، تجاوزات کے خاتمہ اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف مہم میں تمام محکمے محکمہ صحت کے ساتھ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کریں۔دریں اثناء کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ہیڈ سدھنائی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اری گیشن حکام کو ہدایت کی کہ ہیڈسدھنائی پر تین اضلاع کے لوگ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں اس کے پارک کی حالت بہتر بنائی جائے لائٹنگ اور لوگوں کے بیٹھنے کا مناسب بندو بست کیا جائے۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں